ملتان :  یونیک سائنس اسکول میں دسویں جماعت کے طلبہ کے اعزاز میں ایک شاندار اور پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ، والدین، طلبہ اور معزز مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں طلبہ نے تقاریر، ملی نغمے پیش کیے۔ دسویں جماعت کے طلبہ نے اپنے تعلیمی سفر اور اسکول میں گزارے گئے خوبصورت لمحات کا ذکر کیا، جبکہ جونیئر طلبہ نے اپنے سینئرز کو محبت اور عقیدت کے ساتھ رخصت کیا۔سکول کے دائریکٹر محمد یوسف صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ طلبہ ادارے کی محنت اور کاوشوں کا نتیجہ ہیں، اور انہیں امید ہے کہ تمام طلبہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ دہم کلاس کے امتحانات شروع ہیں وہ اپنی تعلیم کو ہمیشہ اولین ترجیح دیں، ایمانداری اور محنت کے ساتھ آگے بڑھیں اور زندگی کے ہر میدان میں کامیابی حاصل کریں۔ تقریب سے محمد یونس صدیقی،اور ڈاکٹر عامر علی صدیقی نے بھی خطاب کیا، اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ وقت جدائی کا ضرور ہے، مگر علم اور تربیت کا سفر ہمیشہ جاری رہتا ہے۔ اسکول کی طرف سے تمام طلبہ کو یادگاری تحائف بھی دیے گئے۔ طلبہ نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یونیک سائنس اسکول ان کے لیے ایک گھر جیسا تھا، جہاں انہوں نے نہ صرف تعلیم حاصل کی بلکہ زندگی کے قیمتی اسباق بھی سیکھے۔ کہ وہ اپنے اساتذہ اور دوستوں کو کبھی نہیں بھولیں گے اور ہمیشہ اسکول کے احسان مند رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی، جس میں تمام طلبہ کی کامیابی، خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ بعد ازاں، مہمانوں کی تواضع کی گئی اور طلبہ نے الوداعی لمحات کو یادگار بنانے کے لیے گروپ فوٹوز بنوائیں۔ اس شاندار تقریب نے طلبہ کے حوصلے بلند کیے اور انہیں اپنے اگلے تعلیمی سفر کے لیے ایک نئی امید اور جذبہ دیا۔