ملتان: امن ویلفئیرآرگنائزیشن کے زیراہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ، تقریب کا مقصد مختلف شعبوں میں کام کرنے والی خواتین کے عزم و خدمت کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ’’نشان عزم ‘‘ ایوارڈ سے نوازنا تھا ، تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہوسکے ، تقریب کی صدارت امن ویلفئیرآرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو سیدشہباز حسین اور زہرہ سجاد زیدی نے کی ، سابق ایم پی اے سبین گل ،پی ایچ ڈی ایف کی مس زاہدہ خان ، ایف ڈی او سے زہرہ سجاد زیدی ایڈووکیٹ ، وومن رائٹس ایسوسی ایشن سے شائستہ بخاری ،یاسمین خاکوانی ، سنگیتا ، فرزانہ ، صائمہ عدنان سعید ، عمرانہ ودیگر نے شرکت کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امن ویلفئیرآرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو سیدشہباز حسین نے کہا کہ خواتین کو تعلیم، ہنرمندی اور روزگار کے مواقع تک یکساں رسائی فراہم کر کے ہی انہیں بااختیار بنایا جا سکتا ہے،خواتین کے حقوق کو یقینی بنانا ہمارا مشن اور غیر متزلزل عزم ہے،انہوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی ملتان کی بہادر خواتین کو سراہااور ان کی وجہ سے 52 فی صد خواتین کے حوصلے بلند ہوتے ہیں ،ان کی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، اس موقع پر سبین گل ، زہرہ سجاد زیدی ، شائستہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر معاشرے کی ترقی ممکن نہیں ہے،خواتین کو مساوی حقوق، مواقع دینے والے معاشرے زیادہ خوشحال،پرامن اور پائیدار ہوتے ہیں،خواتین ہماری آبادی کا تقریباً نصف حصہ ہیں، خواتین کو تعلیم،معاشی مواقع اور قائدانہ کردار تک رسائی دینا پوری قوم کیلئے سودمند ہے،انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں خواتین ہر شعبہ میں مردوں سے آگے ہیں، خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان میں بھی اب خواتین اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوار ہی ہیں اور مختلف محکموں میں اعلیٰ عہدوں پر مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں ۔تقریب میں مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والی خواتین کو ’’ نشان عزم ‘‘ ایوارڈزاور ملتانی اجرک دی گئیں۔