ملتان : آر پی او ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری اور سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے تھانہ ممتاز آباد کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی اولمپک چیمپیئن ارشد ندیم تھے، جنہوں نے پولیس کی عوامی خدمات اور ماڈل پولیس اسٹیشن کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔ تقریب میں ایس ایس پی آپریشنز کامران عامر خان، ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا محمد اشرف، سی ٹی او ملتان سردار موارہن خان، ایس پی سٹی حسن رضا کھاکھی، ایس پی صدر ڈویژن شمس الدین، ڈی ایس پی ممتاز آباد جاوید طاہر مجید، ڈی ایس پی سی آئی اے رضوان خان، ڈی ایس پی مظفر آباد بشیر احمد ہراج سمیت تاجر برادری کے نمائندے اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔ آر پی او، سی پی او اور ارشد ندیم نے یادگاری تختی کی نقاب کشائی کرتے ہوئے عمارت کا باضابطہ افتتاح کیا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے فخر پاکستان اولمپک چیمپیئن ارشد ندیم اور تاجر برادری سمیت تمام معزز مہمانوں کی آمد پر ان شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کہا کہ ان کی موجودگی پولیس کی حوصلہ افزائی کا باعث ہے اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملتان پولیس عوام دوست پولیسنگ کے عزم پر کاربند ہے اور شہریوں کو فوری اور بہتر سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ نئے ماڈل تھانے شہریوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ کیے جا رہے ہیں، جہاں شفاف تفتیش اور بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پولیس اور عوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کے لیے ماڈل تھانوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے، تاکہ شہریوں کو ایک خوشگوار ماحول میں قانونی معاونت حاصل ہو۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیسنگ کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جا رہا ہے، جس سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے عوام کا تعاون انتہائی اہم ہے، اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ آر پی او ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا بنیادی ڈھانچہ جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ شہریوں کو بروقت اور معیاری انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ پنجاب پولیس کی قیادت کی خصوصی ہدایات پر ماڈل پولیس اسٹیشنز قائم کیے جا رہے ہیں، تاکہ عوام کو ایک محفوظ اور دوستانہ ماحول میسر آ سکے۔ ملتان پولیس انصاف کی بروقت فراہمی اور جرائم کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ پولیس فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی جا رہی ہے، تاکہ وہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کریں۔ آر پی او نے آئی جی پنجاب کی خصوصی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کے جدید انفراسٹرکچر اور عوام دوست پالیسیوں سے شہریوں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ اولمپک چیمپیئن ارشد ندیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ پنجاب پولیس شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید طرز کے ماڈل تھانے قائم کر رہی ہے۔ پولیس کا مثبت اور عوام دوست رویہ شہر میں امن و امان کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ تھانے شہریوں کو تحفظ کا احساس دلانے میں مددگار ثابت ہوں گے، اور عوام کو چاہیے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ معاشرے میں جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ اگر تمام ادارے اسی محنت اور لگن سے کام کریں تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ ارشد ندیم نے آر پی او ملتان، سی پی او ملتان اور پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کیا کہ وہ عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دے رہے ہیں۔ افتتاح کے بعد آر پی او، سی پی او اور ارشد ندیم نے عمارت کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سی پی او ملتان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیا تھانہ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے۔ اس میں استقبالیہ کاؤنٹر، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم، خواتین کے لیے علیحدہ ڈیسک اور آرام دہ انتظار گاہ جیسی جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ افتتاحی تقریب کے بعد آر پی او ملتان، سی پی او ملتان، ارشد ندیم اور دیگر شرکاء نے مل کر افطار کیا۔ افطار کے دوران پولیس اور شہریوں کے درمیان خوشگوار ماحول دیکھنے کو ملا، اور مہمانوں نے پولیس کی مہمان نوازی کو سراہا۔ اس موقع پر سی پی او ملتان نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے ایسے مواقع انتہائی اہم ہیں، تاکہ شہری خود کو پولیس کے قریب محسوس کریں اور مل کر معاشرتی بہتری کے لیے کام کریں۔ چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے عہدیداران ظفر اقبال صدیقی، شیخ احتشام الحق، عاشق بلوچ، عاطف ریحان نے مہمان خصوصی ارشد ندیم کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہوئے گلدستہ پیش کیا۔