ملتان: حلقہ این اے 148کی امیدوار و تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹرروبینہ اختر نے کہا ہے کہ اشتہاری حکومت صرف تشہیری مہم چلارہی ہے ، جبکہ مہنگائی بالکل کم نہیں ہوئی ، رمضان المبار ک میں قیمتیں کم ہونے کی بجائے آسمان پر پہنچ چکی ہیں ، پھل اور دیگر اشیائے خوردونوش غریب کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں ، سحر اور افطار کی ان مشکلات کو حکومت ماننے کو بالکل تیار نہیں ہے اور طوطے کی طرح ’’ مہنگائی کم ہو گئی ہے ،سنگل اعشاریہ پر آگئی ہے ‘‘کی رٹ لگارکھی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم تو تب مانیں گے ، جب عوام کو سکھ کی روٹی نصیب ہوگی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز القریش سوسائٹی ون کے دورہ کے دوران خواتین کی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر خواتین کی بڑی تعدا د موجود تھی ، انہوں نےمذید کہا کہ ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے ، حالیہ واقعات میں مولانا سمیع الحق کے صاحب زادے کا قتل اور بنوں کینٹ میں دہشت گردی شامل ہیں جو انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں ،بنوں حملہ کو جس طرح ہماری سیکوریٹی فورسزنے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناکام بنایا،اس پرپوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے،کارنر میٹنگ میں انہوں نے خواتین کے ساتھ مل بنوں حملے میں شہید ہونے والے معصوم لوگوں کے لئے دعائے مغفرت بھی کی اور حکومت سے اپیل کی کہ مہنگائی کوخاص طور پر رمضان المبار ک میں کم کیا جائے ،تاکہ لوگ سکھ کا سانس لے سکیں ۔