تعلیم خواتین اور مثبت تبدیلی ملتان سی ای او ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کے ساتھ ملاقات
گزشتہ روز میری ملاقات ملتان کے سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ صاحب سے ہوئی۔ یہ ملاقات نہ صرف انتہائی مثبت رہی بلکہ امید اور عزم سے بھرپور بھی تھی۔ ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ صاحب نے خواتین کے حقوق، ان کے تحفظ اور تعلیمی میدان میں ان کے کردار پر نہایت تعمیری گفتگو کی اور اس حوالے سے عملی اقدامات کی بھرپور تائید کی۔ ان کے خیالات بہت عمدہ اور اعلیٰ تھے، جن میں خواتین کو عزت، وقار اور مکمل تحفظ فراہم کرنے کا واضح نظریہ جھلک رہا تھا
اس ملاقات میں کئی معزز شخصیات بھی شریک تھیں، جن میں سابق سی ای او ایجوکیشن ملتان شمشیر احمد خان، ڈپٹی ڈائریکٹر گورنمنٹ ایم سی اسکولز ملتان محمد اسلم خان قیصرانی، سابق پرنسپل گورنمنٹ لیب ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول ملتان رانا جاوید مصطفیٰ، سینئر سماجی رہنما اور کالم نگار میاں نعیم ارشد، ایجوکیشن آفیسر میاں صغیر احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن خالد ایاز اور دیگر شامل تھے۔ ان تمام شخصیات نے میری جدوجہد کو سراہا، حوصلہ افزائی کی اور اپنی قیمتی تجاویز سے نوازا، جو میرے لیے نہایت مفید ثابت ہوئیں۔
ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ صاحب نے ورک پلیس ہراسمنٹ کے حوالے سے بھی خواتین کے لیے نہایت مؤثر اور کارآمد تجاویز پیش کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اداروں، دفاتر اور ہر اس جگہ جہاں خواتین موجود ہیں، وہاں ایک خصوصی سیشن کا انعقاد ہونا چاہیے تاکہ آگاہ کیا جا سکے اور انہیں یہ سمجھایا جا سکے کہ ہراسمنٹ کیا ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے دفاتر میں موجود انکوائری کمیٹیوں پر زور دیا کہ وہ اپنا کام جلد مکمل کریں اور زیادہ سے زیادہ سات دن کے اندر انکوائری کو مکمل کر کے فیصلہ سنائیں۔ اگر جلد سزا کا تصور قائم ہو جائے تو ایسے واقعات کا سدباب ممکن ہو سکے گا
یہ نشست جہاں خواتین کے حقوق اور اداروں میں مثبت اقدامات کے حوالے سے بہت اہم ثابت ہوئی، وہیں اس کا اختتام ایک خوبصورت روحانی گفتگو پر ہوا۔ رمضان شریف کی برکتوں کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ آ صاحب نے کہا کہ روزے رکھنا محض بھوکا رہنے کا نام نہیں، بلکہ یہ ہمارے کردار، سوچ اور رویے کی تربیت کا مہینہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم نہ صرف اپنے اعمال کو بہتر کریں بلکہ دوسروں کے خیالات، عزت اور وقار کا بھی احترام کریں۔ ایک دوسرے کے تقدس اور مقام کا خیال رکھنا ہی اصل روزے کی روح ہے، کیونکہ ایک اچھا معاشرہ تبھی تشکیل پا سکتا ہے جب ہم دوسروں کے حقوق، جذبات اور عزت نفس کا مکمل خیال رکھیں۔
مجھے ڈاکٹرصفدر حسین واہگہ صاحب کے خیالات سے بہت پذیرائی، حوصلہ اور توانائی ملی۔ ان کی سوچ ایک مثبت اور محفوظ معاشرے کی تشکیل میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ میں ان کے ویژن اور سوچ کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کروں گی تاکہ خواتین کو ایک محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کیا جا سکے
یہ ملاقات میرے لیے ایک نئی توانائی اور حوصلے کا سبب بنی اور مجھے یقین ہے کہ اس طرح کے مثبت مکالمے ہی ہماری تعلیمی اور سماجی ترقی کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ میں ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ صاحب اور تمام شریک معزز شخصیات کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، جنہوں نے نہ صرف میری جدوجہد کو سراہا بلکہ اس راہ میں مزید رہنمائی بھی فراہم کی
دعا ھے اللہ پاک ھم سب سے نیک کام لے ھماری دنیا اور آخرت سنوارے







































Visit Today : 162
Visit Yesterday : 581
This Month : 12394
This Year : 60230
Total Visit : 165218
Hits Today : 925
Total Hits : 829723
Who's Online : 5




















