ملتان(بیوروچیف) سٹی کونسل کے مرکزی صدر ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا ہے کہ نیلی ٹائل و بلیو پاٹری کی طرح نیلی اجرک بھی سرائیکی وسیب کی ثقافتی پہچان بن چکی ہے اور اس حوالے سے ہر سال 6 مارچ کو دنیا بھر سمیت پورے وسیب میں شان و شوکت سے اجرک ڈے کی تقریب منائی جاتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی کونسل کے زیراہتمام سرائیکی کلچرل ڈے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب میں رانانیک محمد زاہد، سید صفدر علی بخاری،رانا کاشف نعیم، بابر چوہدری، زوہیر حسین نقوی، حاجی بلال احمد، پیر کوڑا شاہ، سرفراز اعوان، معاویہ ڈوگر،ملک امجد سعید تھہیم سمیت متعدد افراد نے شرکت کی۔ملک ارشد اقبال بھٹہ نے مزید کہا کہ سرائیکی ثقافت صدیوں پر محیط محبت، خلوص، امن، رواداری اور مہمانداری کی تہذیب ہے، اجرک کی خوبصورتی، ملتانی دستکاری کی مہارت اور سرائیکی شاعری کی مٹھاس ایک منفرد شناخت رکھتی ہے۔وسیب کے صوفیاء، شاعروں، ادیبوں اور لکھاریوں نے ہمیشہ امن،رواداری، محبت اور بھائی چارے کا سبق دیا ہے۔سرائیکی کلچر ڈے پر دنیا بھر میں جہاں کہیں سرائیکی بولنے والے بستے ہیں وہ یہ دن مناتے اور تحفے تحائف کے طور پر نیلی اجرک ایک دوسرے کو دے کر وسیب سے محبت کا اظہار کرتے ہیں ۔ پاکستان ,ایران, ترکی, سمرقند و بخارا سمیت دیگر ممالک میں درباروں اور مساجد پر لگی نیلی ٹائلز کے ڈیزائن کی طرز پر بنی نیلی اجرک انتہائی دیدہ زیب اور پُرکشش و امن و محبت کی علامت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملتان میں بلیو پاٹری کی صنعت کا فروغ ناگزیر ہے ۔ اجرک ڈے پر وسیب میں بسنے والے تمام رنگ و نسل اور مختلف زبانیں بولنے والے لوگ ایک ساتھ پروگرام کر کے اس بات کا اظہار بھی کرتے ہیں کہ سرائیکی صوبے کے مطالبے کو لسانیت کا لبادہ پہنا کر تنقید و تعصب کا شکار لوگ صوبے کے قیام کی راہ میں دیوار بننے کی ناکام سعی کرتے ہیں جبکہ ملکی ترقی و خوش حالی کے لئے انتظامی سطح پر صوبے کا قیام اٹل حقیقت ہے اور اسے زیادہ دیر تک روکنا ملکی سلامتی کے لئے بھی ٹھیک نہیں