ملتان (صفدربخاری سے) رکن صوبائی اسمبلی پنجاب رانا اقبال سراج نے سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کے ہمراہ گورنمنٹ ہائی سکول رنگیل پور, گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول رنگیل پور اور گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول خداداد کالونی کا دورہ کیا. انہوں نے اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا. اساتذہ, والدین اور طلبہ و طالبات سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں کے تعلیمی معیار میں بہتری اولین ترجیح ہے. وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی قیادت و رہنمائی میں سرکاری سکولز میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے، تاکہ شرح خواندگی میں اضافہ اور معیار تعلیم کو بہتر بنایا جا سکے۔ سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کر کے والدین کا اعتماد بحال کریں گے۔ مہمان خصوصی ایم پی اے حلقہ 220 رانا اقبال سراج نے گورنمنٹ پرائمری سکول خداداد کالونی میں سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ، ماہر تعلیم و سینیئر سماجی رہنما میاں نعیم ارشد، ڈپٹی ڈائریکٹر گورنمنٹ ایم سی سکولز ملتان اسلم خان قیصرانی، اسسٹنٹ ایجوکیشن افیسر مرکز کینٹ ملتان سٹی رانا محمد عدیل اور صدر ینگ ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن ملتان محبوب اشرف کے ہمراہ سکولوں میں نئی داخلہ مہم 2025 کے سلسلے میں نئے داخل ہونے والے 5 بچوں کو نصابی کتب, سٹیشنری, یونیفارم اور سکول بیگ بھی دئیے. اس موقع پر معززین علاقہ نے بتایا کہ گورنمنٹ پرائمری سکول خداداد کالونی میں بچوں کی تعداد 600 ہے، عمارت بہت پرانی ہے اور خطرناک ہو چکی ہے۔ بچے عارضی طور پر بنائے گئے شیڈ میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایم پی اے حلقہ 220 رانا اقبال سراج سے مطالبہ کیا کہ سکول کی نئی بلڈنگ تعمیر کرائی جائے اور سکول کو ایلیمنٹری کا درجہ بھی دیا جائے ۔ اس موقع پر ہیڈ ماسٹر سکول ہذا رانا قمر ضیا، سابق نائب ناظم چوہدری خوشی محمد، شاہد محمود، محمد عدیل، رانا قیصر، راؤ مستقیم، ممتاز احمد خان، رانا عمران ضیا، رانا انیس اور رانا دلاور سمیت دیگر موجود تھے۔