ملتان (صفدربخاری سے) سرائیکستان جمہوری پارٹی کے زیرِ اہتمام آج گراس منڈی ملتان کے قریب پارٹی کے ضلعی نائب صدر ملک خالد ورک کے ڈیرہ پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر سرائیکی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے مہمانوں کو سرائیکی اجرک بطور تحفہ پیش کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار سرائیکستان جمہوری پارٹی کے چیئرمین سید مہدی الحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید مہدی الحسن کا مزید کہنا تھا کہ سرائیکی اجرک ہماری پہچان ہے اور اسے فروغ دینا ہماری ثقافتی ذمہ داری ہے۔ سرائیکی ثقافت ایک قدیم اور بھرپور ورثہ رکھتی ہے، اجرک سرائیکی وسیب کے تشخص کی علامت ہے، جو ہماری تاریخی روایات اور تمدن کی عکاسی کرتی ہے۔ ثقافتی ورثے کی حفاظت کسی بھی قوم کے تشخص کے لیے لازمی ہے، اور سرائیکستان جمہوری پارٹی ہمیشہ سے سرائیکی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے سرگرم رہی ہے سرائیکستان جمہوری پارٹی نہ صرف ثقافت کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے بلکہ وسیب کے عوام کے بنیادی حقوق کے لیے بھی اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ سرائیکی وسیب کو اس کے وسائل پر اختیار دیا جائے، تعلیمی اداروں میں سرائیکی زبان کو شامل کیا جائے اور سرائیکی قوم کو ان کے حقوق دلوانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محرومیوں کے خاتمے اور وسیب کے عوام کو ان کا جائز حق دلوانے کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔ اس موقع پر سرائیکستان جمہوری پارٹی کے مرکزی صدر سید مطلوب بخاری کا کہنا تھا کہ سرائیکی وسیب کے لوگ اپنی ثقافت اور روایات سے گہرا لگاؤ رکھتے ہیں، اور اس تقریب کے ذریعے سرائیکی اجرک کو نمایاں کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے تمام سرائیکی دوستوں سے تقریب میں شرکت کی اپیل کی۔