ملتان : سرائیکی وسیب اس وقت بدترین حالات سے گزر رہا ہے، آئے روز شناخت کی بنیاد پر قتل و غارت میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار سرائیکستان جمہوری پارٹی کے چیئرمین سید مہدی الحسن نے پارٹی صدر سید مطلوب بخاری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید مہدی الحسن کا مزید کہنا تھا کہ سرائیکی قوم پرست جماعتوں کو چاہیے کہ وہ متحد ہو کر صوبہ سرائیکستان کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد مزید تیز اور مؤثر کریں، کیونکہ وسیب کے عوام کی بقا اور خوشحالی علیحدہ صوبے کے قیام سے مشروط ہے۔ اس موقع پر سرائیکستان جمہوری پارٹی کے صدر سید مطلوب بخاری نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرائیکی قوم کو اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنی ہوگی تاکہ اپنی شناخت، زبان اور وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سرائیکی وسیب میں جاری ناانصافیوں کا فوری نوٹس لے اور سرائیکی عوام کو ان کا حق، یعنی علیحدہ صوبہ، فراہم کرے تاکہ وسیب کے عوام کو ان کا جائز مقام مل سکے۔