ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر اگلے سال یتیم بچہ گود لے کر نئی زندگی کا آغاز کرنے کی خواہشمند ہیں۔سوارا بھاسکر نے اپنی خواہش کا اظہار حال ہی میں ایک بھارتی ویب سائٹ کو دئیے گئے انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے انڈیا ٹوڈے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ایک یتیم بچہ گود لے کر اس کی پرورش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جب اداکارہ سے ان کے اس فیصلے کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے کہا کہ بچہ گود لینے کا خیال بہت پہلے سے میرے ذہن میں تھا۔ جب میں نے محسوس کیا کہ مجھے فیملی بنانی چاہئے تو میں نے مختلف آپشنز کے بارے میں سوچنا شروع کردیا کہ اس حوالے سے میں کیا کرسکتی ہوں اور کیا نہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ میں نے آئی وی ایف (ٹیسٹ ٹیوب بے بی) کے آپشن پر بھی غور کیا۔ یقیناً آئی وی ایف ہمیشہ ایک آپشن ہوتا ہے۔ لیکن میں رواں سال مارچ میں ایک یتیم خانے گئی تھی اور وہاں میں نے جو دیکھا اور بچوں کی جوکہانیاں سنیں انہوں نے مجھے بہت متاثر کیا۔میرے دوستوں نے رواں سال کی ابتدا میں ایک بچہ گود لیا تھا جس کے بعد میں ان سے اس پورے عمل کے بارے میں بات کرتی رہی ہوں۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ بچہ گود لینے کے بارے میں ہمیشہ سے غیرجانبدار رہی ہیں اور اسے ایک اچھا خیال قرار دیا۔ انہوں نے کہا بھارت میں یتیم بچوں کے حوالے سے معاملات بہت سنگین ہیں۔