ملتان (صفدربخاری سے) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے رکن و صدر سٹی کونسل ملک ارشد اقبال بھٹہ نے یومِ یکجہتی کشمیرریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کو غزہ سمجھ کر ہڑپ کرنے کے خواب دیکھنے والا ہندوستان و نریندر مودی یاد رکھے کہ اسرائیل کو فلسطین میں بربریت کرنے کی جُرات اس لئے ہوئی کہ غزہ کے نہتے عوام کے پیچھے پاکستان تھا نہ پاکستانی غیور عوام و بہادر افواج۔ کشمیر کبھی بھارت کا اٹوٹ انگ تھا ‘ ہے نہ ہو گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ پر قبضے اور فلسطینیوں کو دوسرے ممالک میں بسانے کا اعلان کھلی جارحیت اور انتہائی شرمناک و قابلِ مذمت ہے۔اقوامِ عالم یاد رکھیں کہ کشمیر اور فلسطین کے سلگتے مسائل کے حل تک دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا نہ ہی کشمیریوں کو حقِ استصوابِ رائے دینے تک اقوامِ متحدہ اپنی انسانی و اخلاقی ذمہ داریوں سے سُرخرو ہو گا نہ دنیا کی اقوام کا نمائیندہ ادارہ کہلانے کا حق دار ہو گا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے بجا طور پر درست کہا تھا کہ ” کشمیر ہماری شہہ رگ ہے اور یہ کہ وہ ہر خطا کر سکتے ہیں مگر کشمیریوں کے معاملے میں نیند میں بھی غلطی نہیں کر سکتے ”۔ نہتے کشمیری بھائی بہنوں کی 70 سالہ جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی اور ان کی آزادی و خودمختاری کا سورج اِن شا اللہ جلد طلوع ہونے والا ہے۔ریلی میں ذوالفقار علی بھٹہ،شیخ عاشق علی،کامران مگسی،امین بھٹی،دیگر نے شرکت کی۔