ملتان (صفدربخاری سے) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق ایم پی اے سید احمد مجتبی گیلانی پیپلزپارٹی ملتان شہر کے نائب صدر میاں محمد عظیم سعید نے یومِ یکجہتی کشمیرکے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی پیپلز پارٹی بانی کشمیر پالیسی، قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے اصولوں پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک جغرافیائی تنازعہ نہیں بلکہ ایک بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے، جس کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گiسید احمد مجتبیٰ گیلانی اور میاں محمد عظیم سعید نے بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہم مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اجاگر کرتے رہیں گے اور کسی بھی صورت کشمیری عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا اور پیپلز پارٹی اس جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی۔ہم سب کا نعرہ—کشمیر بنے گا پاکستان!