ملتان :  سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا ہے کہ موسمی تغیرات سے نبردآزما ہونے کے لیے وسیع پیمانے پر شجرکاری ناگزیر ہے، ایک درخت کی زندگی کروڑوں انسانوں کی زندگی ہے، محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے “ایک استاد ایک درخت”، “ایک طالب علم ایک درخت” کی پالیسی وضع کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں 38 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے، وہ ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب میں شجرکاری کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہر الحق، ڈی پی آئی (سکینڈری) جنوبی پنجاب زاہدہ بتول اور سیکشن آفیسر شبیر احمد بھی ان کے ہمراہ تھے، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے شجرکاری کے عمل میں اساتذہ اور طلباء و طالبات کی شمولیت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ شجرکاری مہم کے دوران جنوبی پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں 105022 اساتذہ اور 37 لاکھ 73 ہزار 313 طلباء و طالبات کی مدد سے مجموعی طور پر 38 لاکھ 78 ہزار 335 پودے لگائے گے، انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے موسمی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے طلبہ میں آگہی پیدا کرنے اور سرسبز و شاداب ماحول کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے میاواکی جنگل اگانے اور سرکاری سکولوں میں گرین بک کی تدریس کا عمل شروع کیا، یہ تمام انیشی ایٹیوز کامیابی سے جاری ہیں۔