اسلام آباد: وزیراعظم کے نامزد کردہ طارق بگٹی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے صدرکنفرم ہوگئے۔ ہاکی فیڈریشن کانگریس کا خصوصی اجلاس پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوا جس میں پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نماٸندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کانگریس کے 93 میں سے 62 ارکان نے طارق بگٹی کے حق میں ووٹ دیتے ہوئے دو تہائی اکثریت سے منتخب کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نومنتخب صدر طارق بگٹی نے کہا کہ متوازی فیڈریشن بنانے کی کوشش کرنے والوں سے پوچھ گچھ کریں گے، ایسی کوشش کرنے والوں کو صفائی کا ایک موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں، ہاکی کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، عید کے بعد ہاکی کا بڑا ٹورنامنٹ کوئٹہ میں ہوگا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کانگریس کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شہلا رضا کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی صدر منتخب کیا گیا تھا۔ پی ایچ ایف کے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ شہلا رضا پاکستان ہاکی فیڈریشن کی صدر بننے والی پہلی خاتون ہیں۔ کانگریس نے اجلاس میں شہلارضا کو متفقہ طور پر صدر منتخب کیا جب کہ راجا شجاع متفقہ طور پر خزانچی منتخب ہوئے تھے۔