ملتان :  وزیر اعلیٰ مریم نواز دورہ ملتان پر میگا پراجیکٹس اور کینسر ہسپتال کا اعلان کریں ۔اگر مریم نواز نے کینسر ہسپتال ملتان کا اعلان نہ کیا تو وزیر اعلیٰ کے ہر جگہ پتلے جلا کر احتجاج کریں گے۔ چیئرمین سرائیکستان نوجوان تحریک مہر مظہر عباس کات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پورا ملک سرائیکی وسیب کو کھا رہا ہے اور ہمارے وسیب کے ہسپتالوں کا حال یہ ہے کہ نشتر ،کارڈیالوجی، چلڈرن ہسپتال میں ڈاکٹروں،عملہ اور میڈیسن کی شدید کمی ہے جس کی وجہ سے غریب مریضوں کا علاج نہیں ہو پا رہا ۔مہر مظہر عباس کات نے کہا کہ کینسر کی مریضوں کی تعداد سرائیکی وسیب میں زیادہ ہے جبکہ مریم نواز نے لاہور میں کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان کیا ہے جب کہ لاہور میں پہلے ہی کینسر کا سرکاری اور شوکت خانم جیسے بڑے ہسپتال موجود ہیں ۔مہر مظہر کات نے کہا کہ مریم نواز اپنے دورہ ملتان میں میگا پراجیکٹس کا اعلان کریں اور کینسر ہسپتال ملتان کا بھی اعلان کریں بصورت دیگر سرائیکستان نوجوان تحریک وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہر جگہ پتلے جلا کر تخت لاہور سے عملی بغاوت کا اعلان کرے گی ۔