ملتان(صفدربخاری سے) ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی عالمی یوم خواتین کی تقاریب کا سلسلہ جاری ہے ۔معروف سماجی تنظیم فارمز ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام دارالامان اور ملتان آرٹس کونسل میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔تقاریب میں سرکاری افسران سمیت عمائدین شہر اور غیر سرکاری تنظیموں نے بھرپور شرکت کی۔دارالامان ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان نے کہا کہ مستقبل کو اعتماد کیساتھ دیکھنے والے معاشروں کا بنیادی حصہ خواتین کی طاقت ہے۔ ناممکن کو ممکن بنانے والی تمام مشکلات کے باوجود نسل نو کا مستقبل درخشاں بنانے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ارم سلیمی نے کہا کہ تمام خواتین کو میں دلی طور پر اس اہم یوم کی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔خواتین کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا نیا نہیں۔ادھر ملتان آرٹس کونسل میں ایڈیشنل کمشنر رانا اخلاق احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم خواتین منانے کا مقصد معاشرے میں خواتین کے کلیدی کردار کو اجاگر کرنا ہے۔اسلام میں خواتین کے احترام پر زور دیا گیا ہے۔سی ای او فارمرز ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن غلام مصطفی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں خواتین کو آج بھی بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔جنوبی ایشیا بلخصوص پاکستان میں خواتین کی ترقی کے بہت مواقع ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام سرکاری اداروں میں خواتین کو کلیدی عہدوں پر فائض کیا گیا پے۔ا نہوں نے کہا کہ با ہمت خواتین پاکستان کی ترقی میں شاندار کردار ادا کررہی ہیں۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز خواتین کے لیئے روشن مثال ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو فرسودہ رسم و رواج سے نجات دلانا ہو گی۔اسلام میں عورت کو اعلی مقام سے نوازا گیا ہے۔تقریب سے ڈائریکٹر سوشل ویلفئر ملتان ڈویژن نعیم احمد،سوشل ویلفئر آفیسر محمد اقبال سہو،آپا زہرہ سجاد زیدی،توقیر طالب،سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔