اسلام آباد :الیکشن کمیشن کی انکوائری کمیٹی نے راولپنڈی ڈویژن کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو طلب کر لیا۔سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کی تحقیقات لئے الیکشن کمیشنی انکوائری کمیٹی کا پہلا اجلاس سینئر ممبر نثار درانی کی زیر صدارت ہوا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو طلب کر لیا گیا، اس ضمن میں راولپنڈی ڈویژن کے تمام ڈی آر اوز اور ریٹرننگ افسران کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈی آر اوز اور ریٹرننگ افسران کل سے انکوائری کمیٹی کے سامنے بیان قلمبند کروائیں گے، انکوائری کمیٹی اگلے 3 دن روزانہ کی بنیاد پر ڈی آر اوز اور ریٹرننگ افسران کے یانات قلمبند کرے گی۔انکوائری کمیٹی راولپنڈی کے ڈی آر اوز اور متعلقہ آر اوز کے اس سلسلہ میں بیانات قلمبند کر کے 3 دن میں اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی۔واضح رہے کہ کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد کمشنر راولپنڈی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی اور قانونی چارہ جوئی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے عام انتخابات میں بے ضابطگیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کیاتھا۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا میں نے انتخابات کے دوران راولپنڈی ڈویژن میں نا انصافی کی، ہم نے ہارے ہوئے امیدواروں کو 50، 50 ہزار کی لیڈ میں تبدیل کر دیا، راولپنڈی ڈویژن کے 13 ایم این ایز ہارے ہوئے تھے، انہیں 70، 70ہزار کی لیڈدلوائی اور ملک کے ساتھ کھلواڑکیا۔