سیئول: جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن اپنی 10 سالہ بیٹی ’کِم جو اے‘ کو ممکنہ طور پر اپنا جانشین مقرر کردیں گے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن کی صاحبزادی پہلی بار 2022 کے آخر میں عوام کے سامنے نمودار ہوئی تھیں اور اس سے قبل انھیں کسی نے نہیں دیکھا تھا۔اپنی پہلی عوامی آمد کے بعد سے وہ اعلیٰ میزائل تجربات اور فوجی پریڈ میں کم جونگ اُن کے ساتھ نظر آتی رہی ہیں اور انھیں اہم ترین شخص کا پروٹوکول بھی دیا جا رہا ہے۔اس سے قبل اچانک 2020 میں شمالی کوریا کے حکمراں کے ساتھ ان کی بہن کِم یو جونگ کو دیکھا جا رہا تھا وہ ہر ملکی، فوجی اور میزائل تجربات کی تقریبات میں کم جونگ اُن کے ساتھ دیکھی جاتی رہی ہیں۔اُس وقت بھی جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی نے دعویٰ کیا تھا کہ شمالی کوریا کے ریاستی امور عملاً  کِم یو جونگ چلا رہی ہیں کیوں کہ کم جونگ اُن شدید علیل ہیں اور وہ ممکنہ طور پر اپنی بہن کو اپنا جانشین مقرر کریں گے۔تاہم جنوبی کوریا کی ایجنسی کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا اور 2022 کے آخر سے کم جونگ اُن کی بہن کِم یو جونگ منظر عام سے غائب ہوتی گئیں اور ان کی جگہ کم جونگ اُن کی بیٹی نظر آنے لگیں۔اپنی حالیہ رپورٹ میں جنوبی کوریا کی ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے ممکنہ جانشین کے تمام امکانات پر غور، تحقیق اور اطلاعات کے حصول کے نتیجے میں یہ ثابت ہوتا ہے کہ جانشین کی ممکنہ مضبوط ترین امیدوار کم جونگ اُن کی بیٹی ہوں گی۔