اسرائیلی دہشتگردی،،،امریکہ اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے تو ہم بھی فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں: سراج الحق
اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ غزہ میں جمعہ کے دن اذان دی گئی تو بمباری کی وجہ سے کوئی نہیں آسکا، مسجد میں شہیدوں کے خون کے علاوہ کوئی چیز نہیں تھی، یہ عربوں کا نہیں ہر مسلمان کا مسئلہ ہے، افسوس ہے کہ مسلم حکمرانوں نے کوئی فرض نہیں ادا کیا۔ اسلام آباد میں غزہ مارچ سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ حماس نے امریکہ کو پیغام دیا ہے کہ ٹیکنالوجی کے مقابلے میں ایمان کی طاقت زیادہ مضبوط ہے،امریکہ اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے تو ہم بھی فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، جب تک اسرائیلی دہشتگردی ختم نہیں ہوتی ہم تحریک جاری رکھیں گے، 19 نومبر کو ہمارا ملین مارچ لاہور میں ہوگا۔غزہ مارچ میں آنے والوں کو شاباش دیتا ہوں، تاثر دیا گیا کہ شاید ہماری جماعت امریکی سفارتخانے پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، کل کارکنان پر لاٹھیاں برسائی گئیں، لاٹھیوں اور گولیوں کی وجہ سے تحریک کو چھوڑنا ناممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 56 سالوں سے فلسطینیوں کی سر زمین پر اسرائیلیوں نے قبضہ کیا ہوا ہے، ہسپتالوں، سکولوں، سول آبادی پر بمباری کی گئی، مجھے افسوس ہے کہ مسلمان حکمرانوں نے امریکہ کی طرف دیکھنا شروع کیا ہے، ہمارے حکمرانوں میں دم خم نہیں ہے، حکمران اللہ کی غلامی یا امریکی غلامی دونوں میں سے ایک کا انتخاب کریں۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ بدمعاش امریکہ کیلئے افغانستان کو قبرستان بنایا گیا، غزہ میں کھانا، دوائی، پانی اور کپڑے پہنچانے کا کام الخدمت ترکی کے ساتھ مل کر کر رہی ہے، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت ہر صورت جاری رکھیں گے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ مارچ امریکا کے لیے پیغام ہے کہ اسرائیلی سفاکیت کا ساتھ نہ دے۔ فلسطین میں معصوموں کا قتل عام بند، جنگ زدہ علاقہ میں امدادی سامان پہنچایا جائے، عالمی برادری فوری سیز فائر کرائے۔ اقوام متحدہ نے تسلیم کیا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کی زمینوں پر قابض ہے، صیہونی ریاست نے جنرل اسمبلی کی جنگ بندی کی قراردار کی بھی پروا نہیں کی۔ سراج الحق نے کہا کہ اسلامی دنیا کے حکمران امت کے جذبات کی ترجمانی کی بجائے واشنگٹن کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ امریکا سے خائف ہوکر غزہ مارچ کے منتظمین پر تشدد کیا گیا، ان کی گرفتاریاں ہوئیں، حکمرانوں پر واضح کردوں کہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی نہیں رکے گی، جماعت اسلامی لاہور میں فلسطین ملین مارچ کا انعقاد کرے گی۔





































Visit Today : 179
Visit Yesterday : 509
This Month : 1721
This Year : 65440
Total Visit : 170428
Hits Today : 638
Total Hits : 887231
Who's Online : 5





















