چنئی: افغانستان نے پہلی بار ورلڈ کپ میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخ رقم کردی۔ پاکستان کا 283 رنز کا ہدف افغانستان نے 49 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر بنالیا۔ ابراہم زادران 87 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ چنئی کے ایم اے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 22 ویں میچ میں پاکستان کے 283 رنز کے تعاقب میں افغان اوپنرز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ افغان ٹیم کی پہلی وکٹ 130 رنز پر گری جب شاہین آفریدی کی گیند پر رحمان اللہ گرباز 65 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 190 کے مجموعی اسکور پر ابراہیم زادران 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد حسن علی کا شکار بنے۔ افغانستان کے خلاف پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو 56 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم امام الحق 17 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ عبداللہ شفیق 58 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ چوتھے نمبر پر آںے والے محمد رضوان 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سعود شکیل 25 رنز جبکہ کپتان بابراعظم نے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔ شاداب خان اور افتخار احمد کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 73 رنز بنے۔ افتخار احمد جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 4 چھکے اور دو چوکے لگائے۔ شاداب خان بھی 40 رنز بنا کر وکٹ کھو بیٹھے۔