کراچی :  انٹرنیشنل لائرز فورم اور سول سوسائٹی کے نمائندہ وفد نے دیوالی کے موقع پر سوامی نارائین مندر کا دورہ کیا۔ وفد جیسے ہی مندر پہنچا تو وفد کے اراکین پر پھول نچھاور کئے گئے۔ پروگرام کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے کیا گیا۔ آئی ایل ایف کے چیئرمین ناصر احمد ایڈووکیٹ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دیوالی کی یہ عوامی تقریب پاکستان میں رہنے والے تمام افراد کے مابین پیار و محبت، قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہماری عبادت گاہوں، درگاہوں، مزارات، درسگاہوں، مذہبی جلوسوں اور مذہبی تقریبات پر بے شمار حملے کئے اور بے گناہ لوگوں کو شہید کیا مگر وہ پاکستانی عوام کے مابین افراتفری پھیلانے میں بری طرح ناکام رہے۔ پاکستانی عوام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ دنیا میں کسی بھی جگہ ظلم و ناانصافی ہو تو یہی قوم سب سے پہلے آواز بلند کرتی ہے۔ تقریب سے ہندو پہنچائیت کے سربراہ آنند رام نے وفد کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مسلمان بھائیوں نے ہماری دیوالی میں شرکت کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔پاکستان سکھ کونسل کے جنرل سیکریٹری سردار امر سنگھ نے تقریب گرونانک کے جنم دن کے موقع پر ILF اور سول سوسائٹی کو گوردوارے میں آنے کی دعوت دی۔ بشپ آف پاکستان صادق ڈینئل نے ہندو برادری کی دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے آئی ایل ایف کے کردار کو مثالی قرار دیا۔ تقریب سے ممتاز مذہبی اسکالر علامہ عبدالخالق ، سردار میر یعقوب بلوچ، چترال کے نوجوان رہنما مقصود اور واجد و دیگر اہم شخصیات نے خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر پنڈت مہاراج نے ملک کی سلامتی و خوشحالی، شہداء پاک فوج کے درجات کی بلندی اور بین الاقوامی مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے خصوصی دعا کیں۔ جمشید فائونڈیشن کے سربراہ جمشید علی خواجہ ایڈووکیٹ نے بچوں میں دیوالی کے تحائف اور شرکاء میں مٹھائیاں تقسیم کیں