کراچی:  ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے ملک بھر میں چراغاں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ ہر سو درود و سلام و میلاد کی محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ جمعہ کو عید میلادالنبیۖ کے موقع پر جشن صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالت میں ہدیہ درود و سلام، اجتماعی دعاؤں سے ہوگا۔ جشن ولادت مصطفی صبح بہاراں کی مناسبت سے محافل نعت، میلاد شریف، قصیدہ بردہ شریف، ختم درود پاک کی محافل منعقد ہوں گی۔ ولادت النبی ﷺ کے حوالے سے آج  جمعے کے روز ملک بھر میں جلوس و ریلیاں نکالی جائیں گی۔ کراچی کے کئی علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالنے کی تیاریاں مکمل ہیں، جو جشن میلاد کے مرکزی جلوس کا حصہ بنیں گے۔  ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ شہر شہر درود سلام کی صدائیں سنائی دے رہی ہیں۔ گھر، مساجد اور بازاروں کو جھنڈیوں اور روشنیوں کے ساتھ سجایا گیا ہے۔ مساجد، گھروں، گلیوں، شاہراہوں اور بازاروں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔ رنگ برنگی روشنیوں سے سجی عمارتیں دلکش منظر پیش کر رہی ہیں۔