ملتان (صفدربخاری سے)پیپلزپارٹی  PP217 کےسینئر رہنما ملک ارشد اقبال بھٹہ کیلئے ٹکٹ دو ورنہ استعفے لو۔ پیپلزپارٹی صوبائی حلقہ 217 ملتان کے عہدیداران نے چیئرمین بلاول بھٹو سے ملک ارشد اقبال بھٹہ سے پی پی 217 کے لیے ٹکٹ مانگ لیا بصورت دیگر عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ اس سلسلہ میں پاکستان پیپلزپارٹی صوبائی حلقہ 217کے عہدیداران کا اجلاس صدر ملک ذوالفقار علی بھٹہ کی صدارت میں پیپلزسیکرٹریٹ پی پی217 پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی پنجاب کونسل کے رکن و امیدوار پی پی 217ملک ارشد اقبال بھٹہ مہمان خصوصی تھے۔ اجلاس میں عاشق علی،امین بھٹی،مرزا علی مغل،اسحاق بھٹہ،نزیر کاٹھیا،اعجاز ہیوی, مقصود احمد،حاجی بلال،شاہد قریشی،رانا تنویر نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی پی 217 سمیت مجموعی طور پر انتخابی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔مشترکہ طور پر شرکاء اجلاس نے پی پی 217 کی ٹکٹ کے حوالہ سے چیئرمین بلاول بھٹو سے مطالبہ کیا کہ پی پی 217 کا ٹکٹ ملک ارشد اقبال بھٹہ کو جاری کیا جائے ورنہ ہم سے استعفے لے لیے جائیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک ذوالفقار علی بھٹہ، عاشق علی،امین بھٹی،مرزا علی مغل،اسحاق بھٹہ،نزیر کاٹھیا،اعجاز ہیوی،مقصود احمدنے کہا کہ ارشد اقبال بھٹہ 40سال سے پارٹی کے لیے مخلصانہ کام کررہے ہیں اور پی پی 217سمیت جنوبی پنجاب میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے پی پی 217سے کارکنوں کو گھروں سے نکالا انہیں پارٹی میں منظم کیا اور انہیں شناخت دی لیکن ہر بار انہیں کاغذات نامزدگی جمع کرا کر واپس اٹھانے کے احکامات جاری کر دئیے جاتے ہیں اور ایسے لوگوں کو پارٹی ٹکٹ دے دیا جاتا ہے جو کارکنوں اہل حلقہ اور پارٹی کے لیے سود مند ثابت نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کارکنان پارٹی کی بقاء اور استحکام کے لیے جدوجہد کرتے ہیں اور ہر بار نیا امیدوار آ کر ہماری کوششوں کاوشوں کو سبوتاژ کردیتا ہے۔ اگر اس بار ارشد اقبال بھٹہ کو ٹکٹ جاری نہ کیا گیا تو مزاحمت کریں گے اور پارٹی تنظیموں سے مستعفی ہو جائیں گے۔ ملک ارشد اقبال بھٹہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی پی 217کے عہدیداران کے جذبات کا احترام کرتا ہوں اور اپنی پارٹی کے لیے جدوجہد جاری رکھوں گا۔ اگر قیادت نے ٹکٹ جاری کیا تو کارکنوں عہدیداران کے ساتھ مل کر بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے ہمیشہ پارٹی فیصلوں کی پابندی کی اور ان پر عمل کیا سالہا سال سے پارٹی کے لیے مخلص ہو کر خدمات سرانجام دے رہا ہوں ۔