اسلام آباد: نگراں وفاقی وزیر توانائی نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے اس حوالے سے کام جاری ہے۔پاور سیکٹر کے حوالے سے بریفنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کام جاری ہے۔ گیس کے شعبے میں روزانہ ایک ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ گیس شعبے کا گردشی قرض 28 سے 29 سو ارب روپے ہے، اس لیے گیس کے شعبے میں بہتری کے لیے قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کے لیے 60 فیصد صارفین کو پروٹیکٹ رکھا جائے گا۔ اضافے سے متعلق کوشش ہے غریب صارفین پر 5 سو سے زائد کا بوجھ نہ پڑے۔ امیر طبقے کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ زیادہ ہوگا۔