ملتان(صفدربخاری سے) نگران وزیراعلی محسن نقوی سے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے صدور نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی،جس میں پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کے لئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صنعتوں کیلئے ون ونڈو آپریشن کیلئے 6 بڑے چیمبرزآف کامرس اینڈ انڈسٹریزسے سفارشات پیش کریں گے ۔ ملاقات کرنے والوں میں صدر چیمبر ملتان میاں راشد اقبال سمیت لاہور ‘ گوجرانوالہ’ سیالکوٹ’ فیصل آباد چیمبرز کے صدر شامل تھے۔۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں انڈسٹریز کے فروغ کے لئے تمام تر ممکنہ سہولتیں اور وسائل مہیا کریں گے۔نئی انڈسٹری لگانے اور پرانی انڈسٹری کو چلانے کیلئے کسی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا۔6بڑے چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹریز باہمی مشاورت سے جامع سفارشات پیش کریں گے۔ون ونڈو آپریشن فنکشنل کرنے کیلئے چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹریزکی سفارشات کو مد نظر رکھا جائے گا۔انڈسٹریز کے صوبائی محکموں سے متعلق امور ومسائل ایک ہی جگہ حل کئے جائیں گے۔نئی انڈسٹریز کے قیام اور پرانی صنعتوں کوتمام این او سی ون ونڈو سنٹرسے جاری ہوں گے ۔بجلی اور گیس سے متعلق امور کیلئے وفاقی محکموں کو ون ونڈو سنٹر میں ڈیسک قائم کرنے کی سہولت دی جائے گی۔پہلے فیز میں لاہور،ملتان،فیصل آباد،سیالکوٹ ، گوجرانوالہ اور راولپنڈی ون ونڈو آپریشن شروع ہو گا۔صوبائی محکموں کو انڈسٹریز سے متعلق امور مقررہ وقت میں طے کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔وزیراعلی محسن نقوی کو چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹریزکے صدور نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔صدر لاہور چیمبر کاشف انورنے کہا کہ وزیراعلی محسن نقوی نے کام کرکے ثابت کر دیا کہ نیت نیک ہو تو کچھ بھی ممکن ہے۔صدر ملتان چیمبرمیاں راشد اقبال نے کہا کہ امید ہے کہ وزیراعلی محسن نقوی سے وابستہ تاجروںکی توقعات پوری ہوں گی۔