پیپلز پارٹی کا الیکشن کمیشن سےمدت کے مطابق الیکشن کی تاریخ دینے کا مطالبہ
اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے آرٹیکل 224 کی مدت کے مطابق الیکشن کی تاریخ دینے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر و حکام سے ملاقات کی، وفد میں نئیربخاری، شیری رحمان، مرادعلی شاہ، نوید قمر، تاج حیدر اور فیصل کریم کنڈی شامل تھے، وفد نےالیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ الیکشن کا انعقاد آئین کے مطابق 90 دن میں ہونا چاہیے۔ پیپلزپارٹی نے مؤقف اختیار کیا الیکشن کمیشن نے کیونکہ پہلے ہی حلقہ بندی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، الیکشن کمیشن جتنا ممکن ہوسکے حلقہ بندی کے شیڈول کی مدت میں کمی کرے، کمیشن جتنا جلد ممکن ہوسکے الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائے تاکہ ملکی معیشت بہتر ہو۔ الیکشن کے انعقاد سے سیا سی بحران کم ہو، غیر یقینی کی صورتحال کا خاتمہ ہو۔ چیف الیکشن کمشنر نے وفد کو یقین دلایا کہ الیکشن کمیشن جتنا جلد ممکن ہوسکے گا حلقہ بندیوں کے فوری بعد الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائے گا۔ پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر سے کہا ہے کہ آئین بالاتر ہے، دیگر قوانین آئین کے ماتحت ہیں، آئین وقت متعین کرتا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر انتخابات ہونے چاہئیں، الیکشن کی تاریخ دینا بہت ضروری ہے۔پیپلز پارٹی نے اپنا مقدمہ الیکشن کمیشن کے سامنے رکھ دیا، انہوں نے ہمارا مؤقف سننے کے بعد کہا کہ میٹنگ کرکے بتائیں گے، اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کنفیوز کیوں ہے یہ آپ ان سے پوچھیں۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر نے کہا دوران ملاقات الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں میں اتنا وقت درکار نہیں جتنا کہا گیا ہے، سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سی سی آئی میں 6 افراد موجود تھے، میں اور نوید قمر سی سی آئی کے ممبرز تھے، جس میں مردم شماری کی منظوری دی گئی، جب سیٹیں تبدیل ہوتی ہیں تو اس کے لئے آئینی ترمیم کرنا پڑتی ہے۔






































Visit Today : 173
Visit Yesterday : 497
This Month : 1206
This Year : 64925
Total Visit : 169913
Hits Today : 1210
Total Hits : 883286
Who's Online : 4




















