نگراں وزیراعظم کی تقرری کے معاملے پر ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی: شاہ محمود قریشی
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کی تقرری کے معاملے پر ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کی تقرری میں ہمارا کوئی کردار نہیں تاہم انوار الحق کاکڑ پڑھے لکھے آدمی ہیں اور امید ہے کہ وہ آئین میں درج اپنے کردار کو سمجھیں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بروقت صاف و شفاف انتخابات کروانا نگراں وزیراعظم کی ذمہ داری ہے، یہ کردار نبھا کر وہ قومی خدمت کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ نگراں وزیراعظم پی ٹی آئی کیخلاف جاری پکڑ دھکڑ کے سلسلے کو بند کروائیں گے۔ پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے کہا کہ الیکشن کیلیے لیول پلیئنگ فیلڈ ہونی چاہیے اور ہمیں بھی اُسی طرح موقع ملنا چاہیے جیسے دوسری جماعتوں کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری ہوگئی تو قانونی تقاضہ پورا کرتے ہوئے حکومت حلقہ بندی بھی کروادیتی، یہ نئی مردم شماری کے تحت انتخابات نوے دن میں کراسکتے تھے، اگر پی ڈی ایم سنجیدہ ہوتی تو سب کچھ ہوسکتا تھا مگر حکومت نے آخری دنوں میں سی سی آئی کا اجلاس بلا کر مردم شماری کی منظوری دی۔





































Visit Today : 185
Visit Yesterday : 0
This Month : 185
This Year : 63904
Total Visit : 168892
Hits Today : 849
Total Hits : 872663
Who's Online : 3





















