بم دھماکوں اور دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے نہ تو ہم اپنا نظریہ چھوڑیں گے اور نہ ہی راستہ تبدیل کریں گے: مولانا فضل الرحمٰن
پشاور: جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ بم دھماکوں اور دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے نہ تو ہم اپنا نظریہ چھوڑیں گے اور نہ ہی راستہ تبدیل کریں گے، ہم میدان میں کھڑے تھے اور کھڑے ہیں، الیکشن میں بھی حصہ لیں گے، سیاست بھی کریں گے اور کسی طور پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وہ منگل کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں باجوڑ بم دھماکے کے شہداء کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ان کے ساتھ گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ باجوڑ حادثہ دل خراش واقعہ ہے، باجوڑ سانحہ میں جے یو آئی کے 60 کارکن شہید اور 200 کے قریب زخمی ہوئے، یہ حالات کا جبر اور تاریخ کا سیاہ واقعہ ہے، یہ سانحہ یہ ایک آزمائش ہے اور آزمائشیں آتی رہتی ہیں، ساتھیوں کے حوصلوں کو سلام پیش کرتا ہوں جن کے پایہ استقامت میں اس واقعہ کے باوجود کوئی لغزش نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم دلیل اور سیاست کے ساتھ یہ جنگ جیتیں گے، جو لوگ ایسی کارروائیوں میں ملوث ہیں وہ گمراہی کی انتہاء پر پہنچ چکے ہیں جو انتہائی نامناسب اقدام ہے۔ سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ کہا کہ انتخابات نہ ہونے کا کوئی جواز نہیں، ہماری کوشش ہے کہ عام انتخابات بروقت منعقد ہوں، ہم وقت پر حکومت کو ختم اور اسمبلی کو تحلیل کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں سے سبک دوش ہوں گے جس کے بعد نگران حکومت کا کام ہے کہ وہ کیا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تو مختلف ادوار میں ہر طرح کے جبر کا مقابلہ کیا جو لوگ بے گناہ لوگوں کا خون بہاکر فخر محسوس کررہے ہیں انھیں شرم آنی چاہیے۔




































Visit Today : 13
Visit Yesterday : 0
This Month : 13
This Year : 63732
Total Visit : 168720
Hits Today : 31
Total Hits : 871845
Who's Online : 10




















