ڈی جی پی ایچ اے ملتان۔۔ سید شفقت رضا کے نام
ڈی جی پی ایچ اے ملتان۔۔ سید شفقت رضا کے نام
تحریر
زین العابدین عابد
آج ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی، ملتان آپ کی ایک پریس ریلیز سامنے آئی جس میں کہا گیا تھا کہ ملتان شہر میں سترہ لاکھ پھولوں کی شجر کاری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے،اور ہارٹیکلچر آفیسران کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ پارکوں اور گرین بلٹس پر مقامات کی نشاندہی کریں جہاں پودوں،اورپھولوں کے علاوہ شجر کاری اور گھاس لگایا جائے،یہ آرٹیکل اسی تناظرمیں آپ کی توجہ کا طالب ہے۔
پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی، ملتان ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے تحت کام کرنے والی اتھارٹی ہے۔ جسے فروری 2010 میں ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت ایک ایجنسی کے طور پر قائم کیا گیا تھا اور 4 اگست 2014 کو ایک اتھارٹی کے طور پر اس کا قیام عمل میں آیا۔یہ اتھارٹی PHA ایکٹ 2012 کے تحت کام تی ہے۔ اس اتھارٹی کی اہم ترین ذمہ داری شہر میں گرین ایریاز، پارکس اور گرین بیلٹس کی ترقی اور دیکھ بھال ہے۔ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان کے ڈی جی کا ویژن یہ ہے کہ سب سے پہلے ملتان شہر کے تمام پارکوں کی بحالی، دوبارہ تعمیر اور سب سے اہم بات ان کی دیکھ بھال کرنا ہے،ثاناً پورے شہر میں زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اور باغبانی کی سرگرمیوں کو ترقی دے کر ملتان کو گرین سٹی بناناہے۔
اس وقت ملتان شہر کی گرین بلٹس قبضہ مافیا کے تصرف میں ہیں،جہاں مارکیٹیں اور دکانیں بن چکی ہیں۔ہر سڑک کے ساتھ گرین بلٹ یا فٹ پاتھ کا وجود ضروری ہے، مگر ملتان شہر کے روڈز کے فٹ پاتھ اور گرین بلٹس طاقتور لوگوں نے اپنی دکانوں کا حصہ بنا کر عوام سے پیدل چلنے کا حق بھی چھین لیا ہے،اس ظلم پر یہاں کی انتظامیہ کاروائی کرنے کی بجائے قبضہ مافیا کی سہولت کار بن کر سامنے آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فٹ پاتھوں اور گرین بلٹس سے تجاوزات ختم کرانے کی بجائے قبضہ مافیا سے ماہانہ کی بنیادوں پر بھتہ وصولی کی جاتی ہے۔جس کی وجہ سے شہر بھر کے تمام فٹ پاتھ غائب ہوچکے ہیں۔اسی طرح شہر میں موجود سرکاری او ر پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں میں گرین بلٹس اور فٹ پاتھوں کا حال ہے۔ڈی جی PHAملتان شہر کو سرسبز بنانے سے پہلے گرین بلٹس کو مافیا کے چنگل سے آزاد کرائیں تاکہ ان کی نیت پر شک نہ کیا جائے۔
یہاں میں ڈی جی پی ایچ اے اور ڈی جی ایم ڈی اے کی توجہ کے لئے ایک ٹیسٹ کیس کی نشاندہی کئے دیتا ہوں،برسوں سے ٹمبر مارکیٹ وہاڑی روڈ ملتان کی گرین بیلٹ پر ناجائز قابضین نے ڈیرے ڈال لیے اور اب گرین بیلٹ فوڈ اسٹریٹ کا منظر پیش کرنے لگی،یہاں اینٹ روڑا اور بجری کی دکانوں کے علاوہ ٹھڈائی،گنے کا جوس،گول گپے اور دیگر کھانے پینے کی رہڑیاں سجی ہوئی ہیں۔یہ مافیا سالہا سال سے ایم ڈی اے اتھارٹی کے افسران کی سرپرستی میں ٹیکس اور کرائے بچاتے ہوئے،گرین بلٹ پر تجاوزات قائم کر کے باقاعدہ کاروبار کی شکل اختیار کر چکے ہیں،متعلقہ محکمہ ایم ڈی اے،اور پی ایچ اے ڈی جی صاحبان کی نظروں سے یہ گرین بلٹ اوجھل کیوں ہے۔؟ پورے شہر میں MDA انفورسمنٹ ٹیم کی کاروائیاں سامنے آتی ہیں مگر آج تک ٹمبر مارکیٹ کی گرین بلٹ کو واگزار نہیں کرایا گیا۔بلکہ گرین بلٹ پر پلازے بن چکے ہیں۔عوام الناس کی نگاہ میں یہ پیشہ وارانہ بددیانتی اور کرپشن ہے۔اس لئے ضروری ہے کہ گرین بلٹ کا حسن بحال کیا جائے۔
اسی طرح ملتان شہر کے وسط میں پل شوالہ مجاہد آرٹ پریس کے سامنے سے لے کر نالہ ولی محمد تک گرین بلٹ پر قابضین نے کوٹھیاں اور بنگلے تعمیر کر لیئے ہیں، کہیں پارکنگ اسٹینڈ اور کہیں گدھے اور مویشی باندھے ہوئے ہیں،محلہ فرید آباد گنا منڈی کے علاقہ میں موجود گرین بلٹ اور پارک کی زمین پر پختہ تجاوزات قائم ہیں،پی ایچ اے کو وجود میں آئے نو سال ہوچکے ہیں مگر کسی بھی چیرمین یا ڈی جی کو شہر کے وسط میں گرین بلٹ کی حالت زار سنوارنے اور اس کی بحالی کی نہ سوجھی۔جب کہ ہم نے موجودہ چیرمین کو پل شوالہ اور فریدآباد کے مکینوں کی طرف اس گرین بلٹ کی بحالی کی اپیل کی تھی مگر عوام کی جائز شکایت کا آج تک آزالہ نہ کیا گیا۔اس لئے ضروری ہے کہ ڈی جی پی ایچ اے فوری طور پر پل شوالہ اور محلہ فرید آباد کے علاقہ میں موجود گرین بلٹ سے قبضے ختم کروا کر شہریوں کے لیے پارکس بنائیں، پودے اور پھول لگا کر اپنے ہونے کا ثبوت دیں۔ تاکہ ماحول میں بھی اعتدال آئے اور خوبصورتی میں اضافہ ہو ا۔
محمدی گراؤنڈ 39کنال سے زائد رقبہ پر مشتمل پارک ہے، یہ نیو شاہ شمس کالونی بلاک سی میں واقع ہے، ڈی جی اور چیرمین پی ایچ اے کی عدم توجہی کی وجہ سے گھنڈر بن چکا ہے۔جب یہ کالونی بسائی گئی تھی تو ایم ڈی اے اتھارٹی نے یہاں کے مکینوں سے وعدہ کیا تھا کہ محمدی گراؤنڈ اور اس کالونی میں باقی موجود پارکس کو جلد از جلد عوام لناس کی سہولت کے لیے تیار کر دئے جائیں گے،مگر 36سال ہو چکے ہمارے ساتھ کیا گیا وعدہ وفا نہ ہوا۔میں نے ذاتی طور پر چیرمین پی ایچ اے کی توجہ اس امر کی طرف دلائی،لیکن چیرمین PHAاور پی ٹی آئی کے اس ذمہ دار عہدیدار سے ایسا جواب ملا جو یہاں لکھنا مناسب نہیں۔جناب ڈی جی PHAصاحب جب آپ نے ملتان کے پارکس اور گرین بلٹس کو سرسبز بنانے کی ٹھان لی ہے تو نیو شاہ شمس کالونی سے ابتدا کریں، یہ کالونی بھی ملتان شہر میں ہے،یہاں مین روڈز کی گرین بلٹ گھروں کا حصہ بن چکی ہیں،واگزار کرائی جائیں، مین روڈ پر پودے اور سایہ دار درخت لگا ئے جائیں،بلا ک سی اور بلاک بی میں موجود گراؤنڈ زمیں گھاس،پودے،درخت اور واکنگ ٹریک بنا کر ہمارا درینہ مطالبہ پورا کریں۔یہ وہ جگہیں ہیں جن کی نشاندہی آپ کو آپ کا عملہ کبھی نہیں کرے گا۔




































Visit Today : 469
Visit Yesterday : 497
This Month : 1502
This Year : 65221
Total Visit : 170209
Hits Today : 4234
Total Hits : 886310
Who's Online : 3





















