اسلام آباد: یونان کے ساحل پر کشتی ڈوب گئی جس کے نتیجے میں پچاس سے زائد پاکستانی لاپتہ جبکہ 27 مرنے والوں سمیت 12 زندہ بچ جانے والوں کی شناخت ہوگئی، اسپیکر قومی اسمبلی نے وزارت داخلہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی جبکہ ایف آئی اے نے ایکشن لیتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت انسانی اسمگلنگ میں 11 ایجنٹس کو گرفتار کرلیا۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ فی الوقت ہم جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی شہریوں کی تعداد اور شناخت کی تصدیق کرنے سے قاصر ہیں۔ یونان میں پاکستانی مشن سفیر عامر آفتاب کی سربراہی میں مقامی حکام سے رابطے میں ہیں۔ترجمان نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کی شناخت، لواحقین کو امداد فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام سے رابطہ ہے. ہمارا مشن 78 برآمد شدہ لاشوں کی شناخت کے عمل میں یونانی حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہے. شناخت کا یہ عمل قریبی خاندان کے افراد (صرف والدین اور بچوں) کے ساتھ ڈی این اے میچنگ کے ذریعے انجام پائے گا.