لاہور:  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو گرفتار کرلیا گیا۔ چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے قریب سے ہی گرفتار کیا گیا ہے۔  چوہدری پرویز الہٰی چوہدری ظہور الہٰی روڈ کے گول چکر سے گرفتار ہوئے ہیں۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ وہ گاڑی میں موجود ہیں جس کے بعد گول چکر کا گھیراؤ کرکے چوہدری پرویز الہٰی کو گرفتار کرلیا گیا۔ چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کیلئے پولیس کی جانب سے گزشتہ آٹھ روز سے کوششیں کی جا رہی تھیں، پولیس نے ظہور الہٰی روڈ کو دونوں طرف سے بند کر رکھا تھا۔ وہ اینٹی کرپشن کے مقدمے میں مطلوب تھے جس میں ان کی ضمانت خارج ہوچکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ایک گھر سے دوسرے گھر میں منتقل ہو رہے تھے۔

لندن: تحریک انصاف پنجاب کے صدر چوہدری پرویز الہی کی گرفتار ی پرلندن سے بیٹے مونس الہی کا رد عمل بھی سامنے آگیا۔  ٹوئٹر پر ان کا کہنا تھا کہ جنوری سے پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کیا تھا تب میرے والد نے مجھے یہ کہا تھا کہ چاہے مجھے بھی گرفتار کر لیں ہم نے عمران خان کا ساتھ دینا ہے ۔مونس الہی نے کہا کہ 3 دن پہلے میرے والد اور والدہ نے یہی چیز دہرائی، اب کہا جا رہا ہے کہ پولیس نے میرے والد کو جھوٹے مقدموں میں گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم انشا ءاللہ پی ٹی آئی میں ہیں اور رہیں گے۔