ملتان(صفدربخاری سے)  جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ علما کے بعد سیاست جن کے ہاتھ میں آئی ان کے سبب آج تک خونریزی سے ہماری جان نہیں چھوٹی، جے یو آئی کو اس لیے زیر عتاب لایا جاتا ہے کہ لوگوں کو لڑاتے کیوں نہیں ہو ہم نے پہلی بار دیکھا حکمران اور حزب اختلاف ہمارے قصیدے پڑھ رہے تھے، اس بار اس مولوی نے دو کشتیوں پر پاوں رکھا اور پار ہوگیا۔  ملتان میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جامعہ خیر المدارس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم 21ویں صدی میں جارہے ہیں، 19ویں سے لے کر 20ویں صدی کے وسط تک جب تک برصغیر کے مسلمانوں کی قیادت علمائے کرام کے ہاتھ میں تھی تو کوئی ایک مثال پیش کردیں جس میں دیوبندی بریلوی مسئلہ پیدا ہوا ہو، کوئی فساد ہو یا قوم آپس میں لڑی ہو، ان کی قیادت میں مکمل امن تھا اور امت جڑی ہوئی تھی انہوں نے کہا کہ ہماری زیادہ تر مصروفیت اس ملک کی سیاست میں ہوتی ہے،ہمارا روزانہ سیاست دانوں سے پالا پڑتا ہے، مسلمان حکمرانوں سے اسلام کا تقاضا کرنا سب سے مشکل کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر تو بہت سے سوالات اٹھتے ہیں، ہم نے سیاست سے کیا حاصل کیا پر یہ سب فضول سوالات ہیں جبکہ سیاست دان سے کچھ بھی منوانا مشکل نہیں ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کی جنگ لڑنا ممکن نہ ہوتا اگر میں سیاست میں نہ جاتا۔جمعیت علمائے اسلام قومی اسمبلی میں 8 ممبران کیساتھ ہے، تعداد میں کم ہونے کے باوجود ہم نے جدوجہد نہیں چھوڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلی بار دیکھا کہ حکمران اور حزب اختلاف ہمارے قصیدے پڑھ رہے تھے اسی لئے ایسے مواقع پر فائدہ اٹھاتے ہیں، ہمارے اکابر نے ہمیں مدارس کا سیاست کا راستہ بتایا۔ اس بار اس مولوی نے دو کشتیوں پر پاوں رکھا اور پار ہوگیا۔فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ میں تمام ممبران کو کہا کہ مجھے کسی خاص فرقے کے حوالے سے اشارہ نہ کیا کرو میں پارلےمنٹ میں جو بات کروں گا تمام مکاتب فکر کی نمائندگی ہوگی