شمالی وزیرستان: خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ آپریشنز میں 9 خوارج کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران 6 خوارج مارے گئے جبکہ 2 خوارج کو گرفتار کرلیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ خفیہ اطلاعات پر دوسرا آپریشن ایشام میں کیا گیا جس کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 خوارج ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہلاک اور زخمی خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے کو خوارج سے پاک کرنے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ یاد رہے کہ 2 روز قبل سکیورٹی فورسز نے ڈیر اسمٰعیل خان کے ایک علاقے میں آپریشن میں 5 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔ اس کارروائی سے 3 روز قبل سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 19 خوراج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ آپریشنز کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ پشاور ،متنی آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، مہمند بائیزئی آپریشن میں بھی 8 دہشت گرد مارے گئے، کرک آپریشن میں 3خوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 19خوراج دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے تین جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔