1. ملتان (صفدربخاری سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان کا دورہ کرتے ہوئے ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (مسٹ) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گرلز ہاسٹل کا سنگ بنیاد رکھا۔ گرلز ہاسٹل میں 119 کمرے تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ ہاسٹل میں میس ہال، جمنازیم اور تفریحی لاؤنج جیسی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کو طالبات کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا اور کہا کہ ان کی حکومت تعلیم اور طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور جدید سہولیات، جن میں گوگل کلاس رومز اور ڈیجیٹل لائبریری شامل ہیں، کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ کے اس اقدام کو طلبہ اور عوام کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جو اسے طالبات کے لیے ایک روشن مستقبل کی ضمانت قرار دے رہے ہیں۔