ملتان: پرائیو ٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن(پی ڈی اے) ضلع ملتان کے نومنتخب چیئر مین ڈاکٹر محمد اکمل مدنی سے پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج نے حلف لیا جبکہ نومنتخب چیئر مین پی ڈی اے نے صدر ڈاکٹر عرفان پراچہ،سینئر نائب صدر ڈاکٹر اسماعیل بشیر،نائب صدر ڈاکٹر مجاہد اقبال،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عدیل طارق،نائب صدر خواتین ڈاکٹر رابعہ نساء،جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر عبدالسمیع،فنانس سیکرٹری ڈاکٹر محمد اسحاق، انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر نعیم اسحاق،چیئر مین کیپسٹی بلڈنگ کمیٹی ڈاکٹر انیق مجاہد،ڈاکٹر کوارڈنیشن اینڈ ویلفیئر کمیٹی ڈاکٹر عبدالعزیز پراچہ سے حلف لیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئر مین پی ڈی اے ڈاکٹر محمد اکمل مدنی نے کہا کہ اتائی ڈاکٹروں،جعلی ادویات و لیبارٹری مافیا کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ لوگ مسیحائی کے مقدس پیشے کی بدنامی کا باعث بننے کے ساتھ عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہے ہیں ان کے خاتمے کیلئے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاؤن کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی اے اور پی ایم اے کی قیادت مل کر ڈاکٹروں کو درپیش مسائل کے حل کرتے ہوئے وقار کی بلندی کو یقینی بنائے گی کیونکہ جب تک ہم لوگ متحد ہوکر آگے نہیں بڑھیں گے تب تک مسائل و پریشانی کا خاتمہ ممکن نہیں بنایا جاسکتا۔صدر ڈاکٹر عرفان پراچہ اور سینئر نائب صدر ڈاکٹر اسماعیل بشیر نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ پرائیوٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن تمام ڈاکٹروں کو ایک ساتھ لے کر آگے بڑھ رہی ہے،پی ڈی اے کی تنظیم سازی کا مقصد ڈاکٹرز کمیونٹی کے مسائل کو حل کرانے کے ساتھ شعبہ صحت کے مورال کو مزید بلند کرنا ہے۔اس موقع پر پی ایم اے کے صدرپروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج،پروفیسر ڈاکٹر شاہد راؤ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عمران حیدر قیصرانی،پریس اینڈ انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر وقار نیازی نے اپنے مشترکہ خطاب میں کہا کہ ڈاکٹرز خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہوکر اپنے فرائض منصبی سرانجام دے رہے ہیں اور اس مقدس فریضے کی ادائیگی میں دانستہ طور پر کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں برتی جاتی کیونکہ ہمارا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے،پی ایم اے اور پی ڈی اے کی قیادت ایک ساتھ مل ڈاکٹروں کو درپیش مسائل حل کراتے ہوئے ان کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کو یقینی بنائے گی۔پی ڈی اے کی حلف برادری تقریب میں لیڈی کلچرل سیکرٹری ڈاکٹر اسمہ بانو،ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر،ڈاکٹر عبدالعزیز پراچہ،ڈاکٹر ناصر صدیقی،ڈاکٹر محبوب الرحمن و دیگر شریک ہوئے۔