ملتان میں سرائیکستان قومی کونسل کی جانب سے سالانہ سرائیکی فوڈ فیسٹیول کا انعقاد،،،سرائیکی ثقافت قدیم اور عظیم ہے ، اس کی طاقت سے ہم اپنے حقوق اور صوبہ سرائیکستان لیں گے: چیف آرگنائزر فوڈ فیسٹیول ظہور احمد دھریجہ
ملتان(صفدربخاری سے) سرائیکی ثقافت نے اپنی طاقت کا لوہا منوا لیا ہے۔ بلا تاخیر سرائیکی صوبے کا قیام عمل میں لایا جائے۔ وسیب کا نوجوان تبدیلی چاہتا ہے۔ پر امن سرائیکی تحریک مذاحمتی تحریک میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ دیسی کھانوں کا فیسٹیول ہر سال ہوگا، سرائیکی فوڈز فیسٹیول کی کامیابی وسیب کی کامیابی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سرائیکی فوڈ فیسٹیول کے چیف آرگنائزر ظہور احمد دھریجہ نے سالانہ سرائیکی فوڈ فیسٹیول میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیسٹیول کا اہتمام سرائیکستان قومی کونسل کی طرف سے کیا گیا۔ ظہور دھریجہ نے کہا کہ جب تک صوبہ نہیں بنتا سرائیکی وسیب میں ڈپٹی وزیر اعلیٰ اور ڈپٹی گورنر تعینات ہونا چاہئے۔ سول سیکرٹریٹ کو فعال کیا جائے اور وسیب کے حصے کے فنڈز اور ملازمتیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بڑھ کر ظلم اور کیا ہو سکتا ہے کہ موجودہ وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم نے ملتان کا ایک بھی دورہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران وسیب کو غلام رکھنے کی پالیسی ترک کریں اور وسیب کے لوگوں کو اُن کا حق دیں۔ اس موقع پر سرائیکی و سیاسی رہنمائوں ملک اللہ نواز وینس، ارشد اقبال بھٹہ، ملک نعیم اقبال ایڈووکیٹ، ملک جاوید چنڑ، شریف خان لاشاری، طاہر محمود دھریجہ، ارسلان خان مٹھو، سلطان محمود دھریجہ، ایاز محمود دھریجہ، نعیم خان دھریجہ، پروفیسر پرویز قادر خان، ملک امجد سعید تھہیم، میر احمد کامران مگسی، صفدربخاری، عرفان رانا، حنیف عمران بھٹی، غازی احمد حسن کھوکھر، شرافت عباس ایڈووکیٹ، ریاض بخاری، شاہنواز جانگلہ، شعیب نواز بلوچ، روبینہ بخاری، ملک یعقوب وینس، مظہر جاوید سیال، جاوید اقبال امبرنے بھی خطاب کیا جبکہ سرائیکی شعراء حاجی بشیر ملتانی، رضوانہ تبسم درانی، عبدالرزاق زاہد، جاوید شانی، ملک سعید اختر، نذر فرید بودلہ، ارشد نورپوری نے سرائیکی کلچر پر اپنی نظمیں پیش کیں۔ ندیم لاشاری، غضنفر عباس جھمٹ، ملک غلام محمد وینس، زبیر وینس، بابا ممتاز، علی وینس، شبیر بلوچ، افضال احمد، دلاور سرائیکی و دیگر نے کیا۔ ملک اللہ نواز وینس نے کہا کہ ظہور دھریجہ مبارکباد کے حق دار ہیں کہ وہ سیاست میں مرکزی کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ سرائیکی ثقافت کو بھی پروموٹ کر رہے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ارشد اقبال بھٹہ اور احمد کامران خان مگسی نے کہا کہ سرائیکی فوڈ فیسٹیول کی چیف آرگنائزر کا یہ بیان خوش آئند ہے کہ آئندہ سال فیسٹیول کو مزید وسعت دیں گے ، نئے سال کی آمد کا استقبال کثافت سے نہیں ثقافت سے ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول پوری دنیا کو امن کاپیغام دینے کے ساتھ ساتھ وسیب کی ثقافت کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہو رہا ہے۔ سرائیکی ثقافت قدیم بھی ہے عظیم بھی اور اس کی طاقت سے ہم اپنے حقوق اور صوبہ سرائیکستان لیں گے ۔ سرائیکی رہنما ملک جاوید اقبال چنڑ اور ملک نعیم اقبال نے کہا کہ سرائیکی ثقافت کا کوئی ثانی نہیں۔ ثقافت کی طاقت سے صوبہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء نے ہر تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کا ہفتہ وار احتجاجی کیمپ سے سرائیکی صوبے کی منزل قریب ہو گی۔ بہت جلد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے عظیم الشان وکلاء کنونشن ہو گا۔ قبل ازیں مہمانوں نے فیسٹیول کا افتتاح کیا تو ہر سو ثقافتی رنگ بکھر گئے، بین اور ڈھول کی تھاپ پر سرائیکی جھمر کا میدان سج گیا، فیسٹیول میں پرنٹ ، الیکٹرانک میڈیا کے دوست اور سوشل میڈیا کے بہت سے افراد نے سرائیکی فوڈز فیملی فیسٹیول کے مختلف سٹالز کا وزٹ کیا اور انتظامات کی تعریف کی ۔ فیسٹیول میں وسیب کے دیسی کھانے ثوبت، ساگ پالک، گندلوں کا ساگ، میتھرے کا ساگ، چاولوں کی روٹی، مکئی والی روٹی ، باجھرے کی روٹی، مِسی روٹی ، ڈولی روٹی ، بُسری، گھی شکر والی چُوری ، سرائیکی پُلا، بڑے پائے، سری پائے، اوجھری، دیسی مرغی، چنے کی دال، مونگ کی دال، سرائیکی پُلائو ، مکھن ملائی ، اچار،شوربے والی مچھلی، لچھے دار سیویاں، کھیر والی سیویاں، جیوڑے، سوہانجڑاں، ڈوڈھے، لسی، دہی ، چٹنی، گاجر حلوہ ، سوجی ، کھیرنی،کاچی فالودہ ، نان، تندوری روٹی ، آلو کی بھجی سے خاطر تواضع کی گئی۔






































Visit Today : 87
Visit Yesterday : 485
This Month : 12804
This Year : 60640
Total Visit : 165628
Hits Today : 541
Total Hits : 840682
Who's Online : 3




















