ملتان : ملتان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے اپیلیٹ ٹریبونل ان لینڈ ریونیو ملتان بنچ اور یونس غازی بار ہال کی تیسری سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار ناشتے اور کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر بار کے معزز اراکین، وکلاء اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی سینئر جج اپیلیٹ ٹریبونل، میاں عبدالباسط صاحب تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ آج بھی خود کو ملتان ٹیکس بار کا ایک لازمی حصہ سمجھتے ہیں اور اس شناخت پر انہیں فخر محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نیخاص طور پر عدالت کی فعالیت کو بڑھانے کے لئے ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ملتان ٹیکس بار کے تعاون کیاقدامات کو سراہتے ھوئے کہا کہ جلد ہی ملتان ٹیکس بار کے تعاون سے ہفتہ وار کاز لسٹ جاری کی جائے گی اور کیس مینجمنٹ کا مکمل پورٹل فعال ہوگا، جو ٹیکس دہندگان اور ٹیکس کنسلٹنٹس کی سہولت کے لئے اہم قدم ہوگا۔ انہوں نے اپیلیٹ ٹریبونل کورٹ اور یونس غازی بار ہال کی تیسری سالگرہ پر تمام اراکین کو مبارکباد دی اور ایسی شاندار تقریب کے انعقاد پر ایگزیکٹو باڈی کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کی صدارت صدر ملتان ٹیکس بار میاں عبد الستار اور نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری محمد عمران غازی نے ادا کیے۔ مہمانان خصوصی میں سلیم اللہ خان، چیئرمین ڈرگ کورٹ، چوہدری محمد داؤد وینس، رکن پنجاب بار کونسل، ملک سجاد حیدر میتلا، صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، محمد عمران خان خاکوانی، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، اور سید عارف شاہ، جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شامل تھے۔ معزز مہمانان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بار کے کردار اور خدمات کو سراہا اور اس کی ترقی کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بار کی جانب سے عدالت کی فعالیت کے لئے اٹھائے گئے اقدامات، خاص طور پر ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو، ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔ یہ تقریب ملتان ٹیکس بار کی کامیابیوں اور خدمات کا جشن تھی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور باہمی محبت، اتحاد اور پیشہ ورانہ تعاون کی مثال قائم کی۔ تقریب میں شرکت کرنے والے اراکین نے بار کی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔