ملتان(صفدربخاری سے) چئیرمین متحدہ مسلم موومنٹ پاکستان ڈاکٹر محمد اکمل مدنی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 148ویں یوم پیدائش پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے،جن مقاصد کیلئے پاکستان کا قیام عمل میں لایا گیا تھا انہیں یکسر فراموش کردیا گیا ہے اگر قائد اعظم محمد علی جناح کی تعلیمات پر عمل کیا جاتا تو آج پاکستان کا شمار مقروض اور ترقی پذیر ممالک میں نہ ہورہا ہوتا بلکہ ہر طرف خوشحالی ہی خوشحالی ہوتی،برصغیر کے مسلمانوں نے متحد ہو کر جس طرح الگ مملکت کے حصول کو یقینی بنایا تھا أج بھی اُسی اتحاد و اتفاق کے ساتھ ملک دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا جائے تاکہ اُن کے ناپاک عزائم خاک میں مل سکیں۔انہوں نے کہا کہ قائد ڈے ہمیں ان چیلنجوں کی یاد دلاتا ہے جن کا سامناقائدِ اعظم نے 1947 میں ملک کو آزاد کرانے کے لیے کیا تھا، ہمیں اس عزم کی جانب دوبارہ متوجہ ہونے اور حالات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ہمارا ملک ابھی تک سخت مشکلات کی زد میں ہے لیکن یہ اس کے قیام کے وقت درپیش مشکلات کے مقابلے میں کوئی حیثیت نہیں رکھتیں۔ایگزیکٹو ممبران ایڈووکیٹ اللہ دتہ کاشف بوسن،ایڈووکیٹ اطہر شاہ بخاری،ملک سلطان محمود،ایڈووکیٹ وسیم ممتاز،پروفیسر ماجد وٹو،ایڈووکیٹ یونس غازی،ڈاکٹر اسماعیل بشیر،ملک عمران یوسف،حافظ ظفر قریشی اور ایڈووکیٹ عظیم پیر زادہ نے کہا کہ قائد اعظم نے مظلوم اقلیت کو ایک مضبوط سیاسی قوت میں بدلا تھا وہ اپنے زمانے کے مسلمانوں اور ان کی آنے والی نسلوں کے حقوق کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے،انہوں نے ایک ایسا معاشرتی شعور بیدار کیا جو حقوق کی پامالی کی وجہ سے کھو گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ أج جب ہم یوم قائد منارہے ہیں تو ہمیں دیکھنا چاہئے کہ ہم نے سفر کہاں سے شروع کیا تھا اور قائد آج ہم سب سے کیا چاہتے ہیں کیونکہ خود احتسابی کے بغیر ہم کسی طور بھی أگے نہیں بڑھ پائیں گے۔