بہاولپور: ملک کی تین بڑی جماعتوں نے بہاولپور سے ہمیشہ دھوکہ دہی سے ووٹ لیے۔پہلے پاکستان پھر بہاولپور نے پنجاب کو اپنے پیروں پر کھڑاکیا۔مگر ناشناس سیاستدانوں نے بہاولپور کو تختِ لاہور کا قیدی بنادیا۔ان خیالات کا اظہار متحدہ تحریک بحالی صوبہ بہاولپور کے رہنماؤں قاری مونس بلوچ،ارشاد احمد شاد،راؤ جاوید عثمانی اور دیگر نے ادیب و شاعر عاشق بلوچ کی رہائشگاہ پر ماہ اپریل کے شہیدوں اور اسیروں کی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا پنجاب میں ضم ہونے کے بعد بہاولپور کے سیاستدانوں نے زبان کان اور آنکھیں موند لیں۔یہی وجہ ہے کہ صوبائی چھت گرنے کے بعد بہاولپور کو تختِ لاہور کا غلام بنادیا۔قاری مونس بلوچ نے کہا بہاولپور نے قیامِ پاکستان اور استحکام پاکستان کی خاطر تاریخی کردار ادا کیا لیکن احسان فراموش سیاستدانوں نے خود کفیل صوبہ کو دوسروں کے حوالے کردیا۔