ملتان : مہنگائی سرکار ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف دے۔ روزہ داروں کو مناسب نرخوں پر ضروری اشیاء کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ذخیرہ اندوزوں کو فوری لگام ڈالی جائے۔ سرائیکی وسیب کے عوام ماہ رمضان میں مزید مہنگائی برداشت نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیف کوآرڈی نیٹر سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی حانیہ خان نے پارٹی میں شریک ہونیوالی خواتین اقرا، فائزہ اور وادثہ کو سرائیکی اجرک پہنا کر خوش آمدید کہتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کوآرڈی نیٹر صائمہ خان بھی موجود تھیں۔ حانیہ خان نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں۔ گوشت سے لیکر دالوں، سبزیوں، پھلوں سمیت ہر چیز کی قیمت میں ہو شربا اضافہ ہو گیا ہے۔ موجودہ حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں نے عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنا کر رکھ دیا ہے اور رہی سہی کسر اقتدار کی رسہ کشی نے نکال دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفید پوش طبقے کو اپنی سفید پوشی کا بھرم قائم رکھنے کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ سرائیکی وسیب میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ بیروزگار ہوئے ہیں اور ایک طرف بیروزگاری دوسری طرف مہنگائی، حکومت مہنگائی نہیں عوام ختم کرنا چاہتی ہے۔ صائمہ خان نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کرے خاص طور پر ذخیرہ اندوزوں کو لگام ڈالی جائے اوران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ ضلعی ، صوبائی انتظامیہ حکومت کی جانب سے مقرر کی گئی ریٹ لسٹوں پر عملدرآمد یقینی بنائے اور ذخیرہ اندوزوں کو نکیل ڈالی جائے۔ خواتین نے کہا کہ مہنگائی میں اضافے کی بنیادی وجہ یہی ذخیرہ اندوز ہوتے ہیں جنہیں نہ تو رمضان جیسے مقدس مہینے کا کوئی خیال ہوتا ہے اور نہ ہی اس ملک کے غریب عوام کا احساس ہے۔ حکومت رمضان میں سرائیکی وسیب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کرے اور ماہ مقدس میں عوام کی بددعائوں سے بچیں۔