اسلام آباد: پی ٹی آئی کارکنان نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولا اور مرکزی دروازے کو توڑ کر اندر داخل ہوگئے، جس پر پولیس نے 2 اراکین قومی اسمبلی سمیت 8 کارکنان کو گرفتار کرلیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان لوٹے ہاتھوں میں لے کر منحرف اراکین اسمبلی کے خلاف سندھ ہاؤس کے گیٹ کے باہر احتجاج کے لیے پہنچے اور انہوں نے اراکین سے استعفے دینے کا مطالبہ کیا۔اسی دوران پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان آگے بڑھے اور انہوں نے سندھ ہاؤس کے مرکزی دروازے پر لاتیں مارنا شروع کیں پھر دیگر مظاہرین نے طاقت کے زور سے سندھ ہاؤس کے مرکزی دروازے کو توڑ دیا۔ مشتعل کارکنان کے ساتھ کراچی سے منتخب ہونے والے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی فہیم خان اور عطا اللہ  سمیت دیگر بھی موجود تھے۔