گندم ہماری فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے اہم ترین فصل ہے : سید حسین جہانیاں گردیزی
ملتان ( صفدر بخاری سے ) گندم ہماری فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے اہم ترین فصل ہے۔صوبہ پنجاب گندم کی ملکی پیداوار کا76 فیصدحصہ پیدا کرتا ہے۔گندم کے پیداواری اہداف کو یقینی بنانے کے سلسلے میں یہ قومی کانفرنس ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ انسٹیٹیورٹ اسلام آباد کے تعاون سے منعقدہ دو روزہ قومی کانفرنس برائے گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے قومی غذائی تحفظ جمشید اقبال چیمہ بھی وزیر زراعت پنجاب کے ساتھ موجود تھے۔صوبائی وزیر زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس کانفرنس کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے اور سائنسدانوں کی باہمی مشاورت کی روشنی میں گندم کی آئندہ فصل کے پیداواری اہدا ف کو یقینی بنانے کے لئے سفارشات مرتب کی جائیں گی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ امسال گندم کے کاشتکاروں کو فیلڈ سٹاف کی راہنمائی میں جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق آگاہی فراہم کرنے اور معیاری زرعی مداخل کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کر رہے ہیں تاکہ موجودہ مالی سال2 کروڑ9لاکھ میٹرک ٹن سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔صوبائی وزیر زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 12.59ارب روپے کی خطیر رقم سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ پر عملدرآمد جاری ہے اور اس پروگرام کے تحت اس سال کاشتکاروں کو10 لاکھ گندم کی منظور شدہ اقسام کے بیج کی بوریاں اور جڑی بوٹی مار زہریں سبسڈی پر فراہم کی جائیں گی تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پروزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے زرعی سائنسدانوں کو گندم کی نئی اقسام زنکول 2016 اور اکبر2019جن میں زنک کی مقدار زیادہ ہے کو دریافت کرنے پر مبارکباد پیش کی اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے غذائی تحفظ جمشید اقبال چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آبادی کا پھیلاؤ کے اعتبار سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہے۔ماہرین کے اندازے کے مطابق ہماری بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات2030تک3کروڑ میٹرک ٹن سے زیادہ ہو جائے گی۔اس درپیش چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لئے زرعی سائنسدانوں کو اپنا خصوصی کردار ادا کرنا ہوگا۔ کانفرنس میں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل، چئیرمین پی اے آر سی ڈاکٹر محمد عظیم،چیف ایگزیکٹو پارب ڈاکٹر عابد محمود،ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن فضل الرحمان سمیت ملکی و غیر ملکی سائنسدانوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی جنہوں نے مختلف ٹیکنیکل سیشن میں گندم کے متعلق ہونے والی اپنی جدید ریسرچ کے بارے آگاہی فراہم کی۔ اس قومی کانفرنس میں ڈاکٹر جاوید اقبال چیف سائنٹسٹ ویٹ ریسرچ انسٹیٹیورٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد نے گندم کی فصل کودرپیش مسائل اور اُن کے حل کے بارے میں بتایا جبکہ چیف سائنٹسٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد ڈاکٹر ظفر اقبال نے کانفرنس میں شریک ملکی و غیر ملکی ماہرین کا شکریہ ادا کیا۔یہ دو روزہ کانفرنس کل تک جاری رہے گی۔








































Visit Today : 445
Visit Yesterday : 613
This Month : 7051
This Year : 70770
Total Visit : 175758
Hits Today : 3742
Total Hits : 995820
Who's Online : 13






















