ملتان (صفدربخاری سے) خطہ کے بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں اسلام آباد میں ہونے والے ایران امریکہ مذاکرات میں تعطل اور حکومت پاکستان کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بڑے اضافے کے خلاف سابق ایم پی اے و پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید احمد مجتبیٰ گیلانی اور سیاسی و سماجی رہنما میاں محمد عظیم سعید نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں تعطل نہ صرف خطے میں غیر یقینی صورتحال کو بڑھا رہا ہے بلکہ اس کے اثرات پاکستان سمیت دیگر ممالک پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں حکومت کو عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام پر اضافی بوجھ ڈال رہا ہے۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مہنگائی پہلے ہی عوام کی قوت خرید کو متاثر کر چکی ہے، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہر طبقہ فکر کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ کا باعث بنے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ خطے کی صورتحال کے پیش نظر موثر خارجہ پالیسی اختیار کرے اور ایسے اقدامات کرے جن سے ملک میں معاشی استحکام اور عوامی فلاح کو یقینی بنایا جا سکے۔