میڈیا اونرز سوسائٹی 2026-27 کی نئی باڈی منتخب، حنیف عمران بھٹی مرکزی صدر اور اظہر ہاشمی مرکزی جنرل سیکرٹری مقرر،تنظیم کو مزید فعال بنانے کا عزم
ملتان(بیوروچیف) میڈیا اونرز سوسائٹی کی کور کمیٹی کا ایک اہم اجلاس مرکزی چیرمین کور
کمیٹی ملک امجد سعید تھہیم کی صدارت میں گزشتہ روز منعقد ہوا، جس میں متفقہ مشاورت اور اتفاقِ رائے سے سال 2026-27 کے لیے نئی مرکزی باڈی کا انتخاب مکمل کر لیا گیا۔ اجلاس میں تنظیم کو مزید فعال، منظم اور مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ میڈیا اونرز سوسائٹی کے انتخابی عمل کو کامیابی سے منطقی انجام تک پہنچانے میں مرکزی چیرمین کورکمیٹی ملک امجد سعید تھہیم، ادارہ (سوسائٹی نیوز)، کا کردار انتہائی اہم اور فیصلہ کن رہا۔ شرکاء کے مطابق ملک امجد سعید تھہیم کی کاوشوں، مشاورت، رابطہ کاری اور مثبت قیادت کی بدولت ہی انتخابی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوا، جس پر اجلاس میں ان کی خدمات کو سراہا گیا۔کور کمیٹی کے فیصلے کے مطابق حنیف عمران بھٹی کو میڈیا اونرز سوسائٹی کا مرکزی صدر جبکہ اظہر ہاشمی کو مرکزی جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا۔ شرکاء نے نئی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ منتخب عہدیداران میڈیا اونرز کو درپیش مسائل کے حل، صحافتی اقدار کے فروغ اور اداروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔ اجلاس میں دیگر اہم عہدوں پر بھی تقرریاں عمل میں لائی گئیں۔ عمر فاروق کو سرپرستِ اعلیٰ اور جاوید تنویر کو سرپرست مقرر کیا گیا، جبکہ منیر شاہین کو مرکزی چیئرمین کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ اسی طرح صفدر علی بخاری کو سینئر نائب صدر، میاں مقصود احمد کو سینئر وائس چیئرمین، میاں فیاض کو نائب صدر لاہور اور جلیل آصف کو نائب صدر اسلام آباد منتخب کیا گیا۔ تنظیمی اور انتظامی امور کو مزید مستحکم بنانے کے لیے شاہدہ شہگی پیرزادہ کو سیکرٹری فنانس، شہزاد خان کو سیکرٹری اطلاعات اور ڈاکٹر شاہد استقلال کو جوائنٹ سیکرٹری مقرر کیا گیا۔ اس موقع پر نومنتخب عہدیداران نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اونرز سوسائٹی کو ایک متحرک اور باوقار پلیٹ فارم بنایا جائے گا، جہاں میڈیا مالکان کے مسائل اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ آزادیٔ صحافت، پیشہ ورانہ اقدار اور باہمی اتحاد کو فروغ دیا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے نئی باڈی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ملک امجد سعید تھہیم کی رہنمائی اور تعاون سے تنظیم مستقبل میں مزید مضبوط اور مؤثر کردار ادا کرے گی۔






































Visit Today : 106
Visit Yesterday : 553
This Month : 13816
This Year : 61652
Total Visit : 166640
Hits Today : 623
Total Hits : 848789
Who's Online : 4




















