ملتان(صفدربخاری سے) ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں سمارٹ پلانٹ پروٹیکشن کانفرنس کے دوسرے دن انڈسٹری اور کسانوں کے ساتھ بزنس سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن میں مختلف کمپنیز کے سی ای اوز اور نمائندوں نے شرکت کی۔ جعفر کروپ سائنسز سے حافظ محمد عمار نے کہا کہ جعفر کروپ سائنس نئی تحقیق اور یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک کے ساتھ پروڈکٹ ڈیویلپمنٹ اور ٹیسٹنگ پر کام کر رہی ہے۔ پاور کروپ سائنسز سے شفاقت علی رندھاوا نے کہا کہ زرعی گریجویٹس کو انڈسٹری میں محنت کرنے کی ضرورت ہے اور اس شعبے میں ترقی کے بہت مواقع موجود ہیں۔ کروپ لائف پاکستان سے رشید احمد نے کہا کہ زراعت میں اُبھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے میں ماحول دوست زرعی ادویات کو فروغ دینے کے ضرورت ہے۔ رائز اے جی سے جناب غلام فرید نے کہا کہ انڈسٹری اور یونیورسٹی لینکج سے جدید تحقیق کو پروڈکٹ ڈیویلپمنٹ کی طرف استعمال کر سکتے ہیں۔ ہم یونیورسٹی کے ساتھ مل کر ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ لیب بنا چکے ہیں جس میں ماحول دوست زرعی ادویات پر جدید تحقیق کی جا رہی ہے۔سنجنٹا سے اشرف انصاری نے کہا کہ سنجنٹا زرعی گریجویٹس کو سپورٹ کرنے رہا ہے اور اس وقت خواتین بھی مردوں کے شانا بشانہ سیلز ٹیم اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ سائبان کروپ سائنسز سے حبیب الرحمن صاحب نے کہا کہ کانفرنس میں بہت ساری نئے آئیڈیاز پر بات ہوئی اور اب وقت ہے کہ ان آئیڈیاز کو انڈسٹری کے ساتھ مل کر عملی جامہ پہنایا جائے۔ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ پروٹیکشن نے کہا کہ کانفرنس میں 14 ممالک سے تعلق رکھنے والے زرعی سائنس دانوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ کانفرنس اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کسانوں انڈسٹری اور پالیسی میکرز کے ساتھ مل کر اپنی کوششوں کو جاری رکھے گا تا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں پیسٹ مینجمنٹ کو ماڈرن اصولوں پر استوار کیا جا سکے۔ آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن سے ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر عابد حسین نے کہا کہ محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان انڈسٹری کے ساتھ مل کر مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے اور ہم انڈسٹری کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے یونیورسٹی کو مختلف پراجیکٹس کی مد میں فنڈنگ مہیا کی۔ وائس چانسلر بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال نے کہا کہ ہمیں بحثیت قوم عمل کی طرف آنا ہو گا۔ ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح زراعت کو درپیش مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ خوش رہنے سے اور اپنی کامیابیوں کو سیلیبریٹ کرنے سے آپ مزید کامیاب ہو سکتے ہیں۔ وائس چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد اشتیاق احمد رجوانہ نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد کسانوں، انڈسٹری اور یونیورسٹی کے فاصلے کو کم کرنا تھا۔ ہم اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا کر کسانوں کی بہتری کے لیے کام جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں کسانوں، ریسرچرز، انڈسٹری ایکسپرٹس اور طلباء طالبات موجود تھے۔