ملتان: ایپکا ایکسائز یونٹ ملتان کے چاند گروپ کے زیرء اہتمام آج ہونے والے یونین انتخابات کو اعلیٰ عدلیہ میں دائر کی جانیوالی رٹ پٹیشن پر ہوئے فیصلے کے تحت روک دیا گیا ہے، قبل ازیں چاند گروپ اور فرینڈز گروپ کے سرکردہ رہنماوں ملک عبدالمجید نانڈلہ، حسن عباس سپرا، احسان خان سدوزئی، ملک اشتیاق عاشق، و دیگر عہدیداران کی جانب سے متوقع الیکشن کی مناسبت سے ایکسائز دفتر کے ماحول میں بڑی حد تک سیاسی گرما گرمی و جوش و خروش پایا جارہا تھا اور آج یونین کے چاند گروپ اور پھول گروپ کی توقعات کے مطابق انتخابات ہونا قرار پائے تھے تاہم موجودہ باڈی کے صدر چوہدری نیاز احمد ڈھلوں اور جنرل سیکرٹری ریحان فاروق جاٹ کی جانب سے اعلی عدلیہ میں رٹ پٹیشن دائر کرنے سے متوقع الیکشن کا عمل کھٹائی میں پڑ گیا ہے موجودہ ایپکا یونین باڈی کے جنرل سیکرٹری ریحان فاروق جاٹ کی جانب سے دائر کی جانیوالی رٹ پٹیشن کی سماعت کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کے معزز جج نے فیصلہ سناتے ہوئے یونین انتخابات کو روکنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملتان کو فریق بناتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملتان دونوں فریق کو تسلی سے موقف سنے اور الیکشن بارے فیصلہ کرے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں، قبل ازیں موجودہ یونین باڈی کی جانب سے یہ موقف پیش کیا گیا تھا کہ مقررہ وقت سے قبل الیکشن ایپکا آئین سے انحراف و غیر آئینی عمل ہے الیکشن شیڈول کا اجراء و کاغذات نامزدگی سمیت جملہ اقدامات کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ایکسائز ملازمین کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی سازش قرار دیا تھا۔