راولپنڈی:  خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے  دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 4 خوارج کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 26 اور 27 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں دو علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز نے چار خوارج کو ہلاک اورتین کو زخمی کر دیا۔شمالی وزیرستان میں ایک انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں  دو خوارج  ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والے ایک خوارج کی شناخت انصاف اللہ کے نام سے ہوئی۔ایک اور مقابلے میں خیبر ضلع میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 2 خوارج ہلاک اور 3  زخمی ہو گئے، ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔  آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے  خوارج قانون نافذ کرنے والے ادارے اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔ علاقے کو کلیئر کرنے کا عمل جاری ہے تاکہ مزید کسی خوارج کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے۔