ملتان:  سابق سی ای او ایجوکیشن ملتان شمشیر احمد خان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ترقی اساتذہ کی مرہون منت ہے لہذا اساتذہ کرام کے عظیم الشان و مثبت کردار کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کی گراں قدر تعلیمی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ وہ شعبہ درس و تدریس کی ترقی اور وقار کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں ۔ ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کی علمی، ادبی اور سماجی خدمات لائق تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایجوکیشنل اینڈ سوشل فورم اور چوپال ارگنائزیشن کے زیر اہتمام سوشل ریفارمر، ماہر تعلیم و گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول لاڑ کے پرنسپل ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب اعتراف خدمات سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔ تقریب کی صدارت ڈی ای او سیکنڈری سکولز شیخ محمد رفیق نے کی۔ تقریب سے میزبان و چیئرمین ایجوکیشنل اینڈ سوشل فورم پروفیسر عنایت علی قریشی، چیئرمین چوپال ارگنائزیشن میاں نعیم ارشد ، انجمن اساتذہ پاکستان کے رہنما رانا کاشف نعیم ، اسسٹنٹ ایجوکیشن افیسر وسیم امین رجوانہ، پنجاب ٹیچرز یونین کے رہنما ملک ارشد بھٹہ، میاں فرحان مجید ایڈووکیٹ، صدر ینگ ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن ملتان محبوب اشرف، انجمن طلبہ اسلام کے رہنما محمد عطا ساقی، ممتاز ماہر تعلیم و سماجی رہنما میاں وقاص فرید قریشی، تاجر رہنما حاجی خلیل احمد، رانا ریاض احمد ، رانا اصف محبوب، راؤ شرافت علی اور حاجی غلام حسین نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی شمشیر احمد خان، شیخ محمد رفیق ، پروفیسر عنایت علی، میاں نعیم ارشد اور میاں وقاص فرید قریشی نے ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کو جناح کیپ پہنائی اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ مہمان خصوصی شمشیر احمد خان نے مزید کہا کہ اساتذہ مشکل دور سے گزر رہے ہیں، سرکاری سکولوں کی نجکاری سے اساتذہ عدم تحفظ کا شکار ہیں ۔ شیخ محمد رفیق نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اساتذہ ملک و قوم کے معمار و محسن ہیں۔ معاشرے میں اساتذہ کرام کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ صاحب تقریب ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا کہ ادب تعلیم کا جوہر ہے اور محنت کامیابی کی ضمانت ہے۔ میری کامیابی میرے والدین اور اساتذہ کرام کی شفقت و محبت اور خصوصی توجہ کی مرہون منت ہے۔ اخر میں انہوں نے مہمانوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔