مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پنجاب سے بلامقابلہ سینیٹر منتخب
ملتان/لاہور: مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ اور معروف عالم دین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ایوان بالا کے انتخابات میں بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی اور پنجاب سے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوئے ہیں، اس سے قبل مجلس وحدت مسلمین کے اُمیدوار انجینئر حمید حسین عام انتخابات میں ممبر قومی اسمبلی اور اسلام آباد سے ایم ڈبلیو ایم کے رہنما مختار عباس ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر ملک بھر سے اور بیرون ملک سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جماعت مجلس وحدت مسلمین نے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کی تھی۔ مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر انجینئر سخاوت علی سیال نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جیسے مدبر، شجاع اور نڈر لیڈرشپ کا انتخاب قابل ستائش ہے۔ مجلس وحدت مسلمین نے بہت کم عرصے میں پارلیمانی سیاست میں اپنی جگہ بنائی ہے، اُنہوں نے کہا کہ میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، مرکزی قیادت اور تمام کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔