پشاور :  وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ عمران خان نے قوم کو جگانے کی تحریک شروع کر رکھی ہے، عدلیہ سے اپیل ہے کہ ان جعلی کیسز کو جلد سے جلد ختم کیا جائے اور میرٹ کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ اس وقت ہمارے قائد عمران خان کو جعلی کیسز میں سے جیل میں رکھا گیا ہے اور ان جعلی کیسز کو آہستہ آہستہ چلایا جا رہا ہے تاکہ انہیں لمبے عرصے تک جیل میں رکھا جا سکے، عمران خان کو لمبے عرصے تک جیل میں رکھنے کا مقصد یہ ہے کہ وہ اپنے نظریے اور تحریک سے پیچھے ہٹ جائے لیکن ایسا کبھی نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا مینڈیٹ چوری کروانے والوں کو پیغام دیتا ہوں کہ ملک کو چلانے کا آپ کا طریقہ کار درست نہیں۔ عمران خان کی حکومت کو ایک سازش کے تحت ہٹا کر پی ڈی ایم کی ڈمی حکومت بٹھائی گئی، پی ڈی ایم کی حکومت نے اس وقت ملک کا جو حال کیا ہے وہ قوم کے سامنے ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کرکے آئین کو توڑا گیا، اس کے بعد ملک میں فسطائیت کا ایک دور شروع کیا گیا تاکہ تحریک انصاف کو ختم کیا جائے، وہ دور نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کی تاریخ کا بدترین دور تھا۔